Live Updates

کیا فوج پی ٹی آئی کی مدد کر رہی ہے؟

اینکرکے سوال پر پی ٹی آئی رہنما نعیم بخاری نے غیر متوقع جواب دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 جولائی 2018 15:01

کیا فوج پی ٹی آئی کی مدد کر رہی ہے؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جولائی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے اینکر نے پی ٹی آئی رہنما نعیم بخاری سے سوال کیا کہ ایسے بہت سے تاثرات دئے جا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے پیچھے کسی قوت یا ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے ، اس بارے میں آپ کیا کہیں گے ؟ جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، میں تو پارٹی کے اندر ہوں مجھے کبھی ایسی کوئی حرکت یا موومنٹ نظر نہیں آئی جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ یہ فوج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایسا خیال ہرگز نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے لیے جو سسٹم بنایا ہے وہ تقریباً فول پروف ہے۔ آخر میں سب نتائج نادرا کے پاس جانے ہیں اور وہاں فوج بیٹھی ہوئی ہے۔ اگر آپ یہ کہتے ہیں کہ فوج نے فیصلہ ہی کر لیا ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم بنانا ہے تو پھر الیکشن کی کیا ضرورت ہے؟ آپ ٹیک اوور کر لیں اور عمران خان کو وزیر اعظم بنا دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے اس کہانی میں واضح طور پر کچھ سمجھ نہیں آتا۔ دوسری بات یہ ہے کہ زرداری صاحب کی ایک بہت بڑی کرپشن سامنے آئی ہے جسے ابھی چیف جسٹس آف پاکستان نے صرف تولہ ہے اور میں آپ کو یہ لکھ کر دیتا ہوں کہ زرداری صاحب بہت جلدی ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے۔ یاد رہےکہ عام انتخابات کے لیے 25 جولائی کو ملک بھر میں پولنگ ہو گی۔ عام انتخابات میں سیاسی مبصرین کے مطابق پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن میں کانٹے دار مقابلہ تو ہو گا لیکن عین ممکن ہے کہ پاکستان تحریک انصاف زیادہ نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو جائے۔

سیاسی مخالفین کی جانب سے پی ٹی آئی کے پیچھے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا جاتا تھا جس پر بات کرتے ہوئے نعیم بخاری نے ایسے مخالفین کو منہ توڑ جواب دیا اور پی ٹی آئی کے پیچھے فوج کا ہاتھ ہونے کی سختی سے تردید کر دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات