متنازعہ بیان دینے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر جواب طلب

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:31

متنازعہ بیان دینے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست ..
لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) لاہور کی سیشن عدالت نے متناز عہ بیان دینے پرسابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو مقامی شہری ایوب اعوان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ رانا ثناء اللہ نے نوازشریف کے استقبال کو حج کے برابر ثواب قرار دیا اور اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا،انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے اس بیان سے عوام الناس کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ،انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا یہ بیان تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 اے کے زمرے میں آتا ہے ،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت متنازع بیان دینے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے جس پر عدالت نے تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او کوآٹھ اگست کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔