آزاد کشمیر کی تمام سرکاری جامعات میں میرٹ کی بالا دستی اور تدریسی امور کو شاندار بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے ،سردار مسعود خان

چیئرمین ہائیر ایجوکیشن آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں فنی تربیت اور تعلیم کو فروغ دینے کے سلسلے میں معاونت کریں،ملکی معیشت کو دوام بخشنے کیلئے پاکستان اور آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کی بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ کرنی ہوگی،صدر آزاد کشمیر

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم آزاد جموں وکشمیر کی تمام سرکاری جامعات میں میرٹ کی بالا دستی اور تدریسی امور کو شاندار بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

جنہوں نے ایوان صدر جموں وکشمیر ہائوس میں صدر سے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر نے انہیں اس اہم عہدے کو سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران آزادکشمیر میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کے سلسلے میں اور آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے مالی ، تدریسی اور انتظامی امور پرتفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر مسعود خان نے آزادکشمیر کی جامعات کو بین الاقوامی اور ملک کی نامور جامعات کے ساتھ رابطہ رکھنے اورتحقیق اور جدت پیدا کرنے کے لئے ایک دوسرے سے باہمی اشتراک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا بڑا اہم اور کلیدی کردار ہے۔ صدر نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو آزادکشمیر کی سرکاری جامعات میں ہونے والی مختلف کانفرنسز ، جاب فئیرز کا انعقاد اور سی پیک اور مسئلہ کشمیر پر سیمینارز منعقد کرنے اورطلبہ کے درمیان بین الاالجامعات مقابلہ جات ، انکوبیشن سنٹر کے قیام ، جامعات اور صنعت کے درمیان اشتراک قائم کرنے کے سلسلے میں تفصیل سے بتایا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں تعلیمی میدان میں تعدادی اہداف تو حاصل کر لئے ہیں لیکن اب تعلیمی معیار کویقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ صدر نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن سے گزارش کی کہ وہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں فنی تربیت اور تعلیم کو فروغ دینے کے سلسلے میں معاونت کریں ۔ انہوں نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو مزید بتایا کہ آزادکشمیر حکومت آزادکشمیر کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جامعات کے سب کیمپسز کھول رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مقامی طلبہ اعلیٰ تعلیمی سہولتوں سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیںملکی معیشت کو دوام بخشنے کے لئے پاکستان اور آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کی بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ کرنی ہوگی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیں بیرون ممالک طلبہ کو اپنی یونیورسٹیوں میں لانے کے لئے ساز گار ماحول فراہم کرنا ہو گا۔ صدر مسعود خان نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو آزادکشمیرکی سرکاری جامعات کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وہ ان جامعات کی فیکلٹی اور طلبہ سے خطاب بھی کریں۔

چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے صدر آزاد کشمیر کی دعوت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ جلد آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے اس سے انہیں یونیورسٹیز کے مسائل سمجھنے میں بھی آسانی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزادکشمیر کی جامعات کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون اور مدد کریں گے۔