پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلا تفریق قوم کی خدمت کی ،

دوسری طرف ہمارے مخالف ہیں جنہوں نے ہمیشہ علاقائیت کو فروغ دیا ‘قمر زمان کائرہ

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:47

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلا تفریق قوم کی خدمت کی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر و حلقہ این اے 70گجرات سے امیدوار قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلا تفریق قوم کی خدمت کی جبکہ دوسری طرف ہمارے مخالف ہیں جنہوں نے ہمیشہ علاقائیت کو فروغ دیا ، ہمارے قائد بلاول بھٹو منشور ہاتھ میں لے کر نکلیں ہیں، جس میں عوام کے مسائل کا حل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں انتخابی مہم کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ڈھل بنگش گائوں میں چودھری کریم داد، چودھری رحیم داد اور چودھری کاشف جبکہ ناگریانولا میں چودھری غلام احمد کے خاندان چودھری ضیغم نے قمرزمان کائرہ کی حمایت کا اعلان کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمارے قائد بلاول بھٹو منشور ہاتھ میں لے کر نکلیں ہیں، جس میں عوام کے مسائل کا حل ہے، ہماری مخالف جماعت کے قائدین نفرت اور گالی کی سیاست کر رہے ہیں،ہم اپنا سیاسی نقصان تو کر لیتے ہیں لیکن جمہوریت اور عوام کے حقوق پر سمجھوتا نہیں کرتے، لوگ اپنے ضمیر اور امیدواروں کے کردار کو دیکھ کر ووٹ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی پی پی ہے جس نے ہمیشہ بلا تفریق قوم کو خدمت کی ہے، ایک طرف ہمارے مخالف ہیں جنہوں نے علاقائیت کو فروغ دیا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی ہم نے ملک کی جڑیں مضبوط کی ہیں، کسانوں کو پی پی پی کے ہر دور میں خوشحال بنایا گیا، سرکاری ملازم ہوں کہ محنت کش ہر طبقے کے مسائل ہم نے ہی حل کئے ہیں۔