مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی میں نوجوانوں کو مارا پیٹا، املاک کو نقصان پہنچایا

شہید نوجوان کا جسد خاکی اہل خانہ کے حوالے کرنے کے حق میں مظاہرہ

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:48

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کو سخت مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق چھانہ محلہ، کھوسپورہ ، گلشن آباد کے رہائشیوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی فوجی ان کے علاقوں کا محاصرہ کرنے کے بعد گھروں میں داخل ہو گئے اور مکینوں خاص کر نوجوانوں کو مار ا پیٹا اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کی۔

ادھرسرینگر کے علاقے برزلہ میں لوگوں نے شہید نوجوان مدثر احمدکے جسد خاکی کو انکے اہل خانہ کے حوالے کرنے کے لیے زبردست مظاہرہ کیا۔بھارتی فوجیوں نے برزلہ سرینگر کے رہائشی مدثر کو گزشتہ ماہ ضلع کپواڑہ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کرنے کے بعد ان کا جسد خاکی ورثا کے حوالے کرنے کے بجائے وہیں پر دفنا دیا تھا۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ مظاہرہ کیا۔