Live Updates

لاہور میگا سٹی ہے ‘اس کی ترقی کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ضروری ہے،آمنہ

عمران خان ، ماسٹر پلان کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:29

لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور ایک میگا سٹی ہے جس کی ترقی کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مشاورت اور مکمل ہم آہنگی ضروری ہے ۔ سڑکوں پر ٹریفک کے رش ‘پینے کے صاف پانی کی فراہمی‘ ماحولیاتی آلودگی میں کمی ‘رہائشی مکانات‘تعلیم‘صحت اور دیگر معیاری شہری سہولتوں کی فراہمی جامع منصوبہ بندی کے بغیر ممکن نہیں ۔

اس مقصد کے لیے واسا‘ویسٹ مینجمنٹ کمپنی‘یوٹیلٹی سروسز کے دیگر محکموں‘ڈویلپرز اور بلڈرز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ وہ گزشتہ روز لاہور کے ماسٹر پلان کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق بہتر بنانے اور اس میں ترامیم تجویز کرنے کے لئے منعقدہ پہلے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کی آبادی میں سالانہ 3.4فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے،آبادی میں تیزی سے اضافے اور شہر کی حدود میں مسلسل توسیع کے باعث درپیش چیلنجز سے نپٹنے اور شہر کو ترقی دینے کے لئے ماسٹر پلان کومستقبل کی ضروریات کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے اور اس میں ترامیم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف محکمے اپنے ترقیاتی منصوبوں پر علیحدہ علیحدہ کام کر رہے ہیںمگر ان کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آرہے جس کی وجہ سے ان محکموں کے درمیان باہمی کو آرڈی نیشن کا فقدان ہے ۔ چیف میٹرو پولیٹن پلانر شکیل انجم منہاس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا موجودہ ماسٹر پلان 2004ء میں بنایا گیا تھا جو2021ء تک نافذ العمل ہے تاہم 2013ء میں ایل ڈی اے کی حدود میں توسیع کر کے اس کے دائرہ کار کو لاہور ڈویژن کی حد تک توسیع دے دی گئی ہے،ماسٹر پلان کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کا خیر مقدم کیاجائے گا ۔

چیف ٹائون پلانر سید ندیم اختر زیدی نے کہا کہ ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں مثلاً اقبال ٹائون‘فیصل ٹائون اور گارڈن ٹائون میں ری کلاسیفکیشن کی تجویز پر غور کی ضرورت ہے تاکہ کمرشل سرگرمیوں کومحدود کیاجا سکے۔چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے بتایا کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے ۔جوہرٹائون کے وسط میں ٹریفک پر قابو پانے کے لئے شوکت خانم فلائی اوور کی تعمیر جاری ہے جس کاافتتاح 14اگست کو متوقع ہے ۔

اس کے علاوہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے ایل ڈی اے شہر میں قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کر رہا ہے ۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ واٹر سپلائی کی پہلی ماسٹر پلاننگ 1975ء میں ہوئی اور واسا اسی 1975ء والے ماسٹر پلان کے تحت وجود میں آیا۔واسا کاماسٹر پلان ابھی تیاری کے مراحل میں ہے جو 2040ء تک کے لئے بنایا جا رہا ہے ۔

واساماسٹر پلان میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے لئے مختلف زون بنائے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں چھ ویسٹ واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ تجویز کئے گئے ہیں اور شہر کی تمام پائپ لائنوں کی مانیٹرنگ جی آئی ایس سے کی جا رہی ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ ایل ڈی اے رانا عبد الشکور،پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس سید مرتضیٰ جعفری‘سٹی اینڈ ریجنل پلاننگ ڈیپارٹمنٹ انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن‘پنجاب انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین عبد الباسط‘سینئر لیگل ایڈوائزر ایل ڈی اے سلمان منصور‘چیئر مین آباد اکبر شیخ‘ایس پی ٹریفک سردار آصف اور پنجاب اربن یونٹ ‘سیف سٹی اتھارٹی‘محکمہ بلدیات اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات