غزہ ،اسرائیلی فوج کی پرامن مظاہرین پر گولہ باری ،چار فلسطینی شہید ،120 زخمی ہو گئے

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:57

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پراسرائیلی فوج کی پرامن مظاہرین پر گولہ باری کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور 120 زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز زخمی ہونیوالا ایک اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوگیا ہے۔قابض فوج کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’گیواتی‘ بریگیڈ کا ایک اہلکار جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ ایک جھڑپ میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔

نامعلوم فلسطینی کی طرف سے فوجی اہلکار پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے جنوبی غزہ میں زیتون کالونی میں دو بار چار میزائل داغے۔ یہ میزائل حملے ایف سولہ طیاروں کے ذریعے کیے گئے جن میں القسام بریگیڈکے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

قابض صہیونی فوج نے مغربی خان یونس میں کم سے کم 20 مقامات پر بم گرائے جب کہ وسطی غزہ میں مزاحمتی مراکز پر گرائے گئے بموں کی تعداد 10 بتائی جاتی ہے۔

القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی اور مشرقی غزہ کی سرحد پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔ شہداء کی شناخت شعبان ابو خاطر، محمد ابو فرحانہ اور محمود قشطہ کے ناموں سے کی گئی ہے جبکہ 27 سالہ محمد شریف بدوان کو مشرقی غزہ میں گولی مار کر شہید کیا گیا۔غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حق واپسی مظاہروں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس شیلنگ کے نتیجے میں 120 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں علاج کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔