مسلم لیگ (ن) 25 جولائی کو ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ملکی ترقی کے سفر کو آگے بڑھائے گی، شاہد خاقان عباسی

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:58

مسلم لیگ (ن) 25 جولائی کو ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ملکی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 25 جولائی کو ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ملکی ترقی کے سفر کو آگے بڑھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جی ایٹ مرکز میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد سید الاسلام سمیت لیگی کارکنوں اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مشکل حالات کے باوجود اپنے دور حکومت میں دہشتگردی ،لوڈ شیڈنگ ، امن وامان سمیت دیگر بڑے بڑے مسائل کو حل کیا اور ملک کی معیشت کو بہتر بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس کے پاس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ مسلم لیگ ہی وہ جماعت ہے جو ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے، گالم گلوچ ، الزام تراشیوں کی سیاست سے تبدیلی آنا ہوتی تو کے پی کے تبدیل ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور آئندہ بھی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ اس موقع پر لیگی رہنما محمد سیدالاسلام نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے اور 25 جولائی کو صرف رسمی کارروائی ہو گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ آئندہ ا نتخابات میں گھروں سے نکلیں اور شیر کے نشان پر مہر ثبت کر کے ثابت کر دیں کہ مسلم لیگ ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔