بیلٹ پیپر کی چھپائی اور ترسیل مکمل، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا طریقہ وضع کردیا

پولنگ کا عمل 25 جولائی کو صبح 8 بجے شروع ہو گا،ْ شام 6 بجے ختم ہو گا ،ْ الیکشن کمیشن عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سبز اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہوگا

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:09

بیلٹ پیپر کی چھپائی اور ترسیل مکمل، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا طریقہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا کام مکمل ہوگیاجبکہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ووٹنگ کا طریقہ کار وضع کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ،ْعام انتخابات کیلئے 22کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں اور پہلی بار سیکیورٹی فیچرز پر مبنی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اور فاٹا کیلئے 3 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن اسلام آباد میں چھاپے گئے، بلوچستان سندھ، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژنز کے لیے بیلٹ پیپرز کراچی میں چھاپے گئے جن کی تعداد 10 کروڑ سے زائد تھی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور فیصل آباد اور گوجرانوالہ کیلئے بیلٹ پیپرز اسلام آباد میں چھاپے گئے جن کی تعداد 7 کروڑ سے زائد تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کرلی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سبز اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہوگا۔الیکشن کمیشن کے وضع کردہ طریقہ کار میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پولنگ افسر ووٹر کا اصل قومی شناختی کارڈ چیک کریگا ،ْ پولنگ افسرشناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد ووٹرلسٹ میں درج نام چیک کرے گا اور ووٹر کا نام اور سلسلہ نمبر پولنگ ایجنٹس کیلئے بلند آواز میں پکارا جائیگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کا سیدھی لکیر دے کر لسٹ سے نام کاٹ دیا جائیگا جس کے بعد کاؤنٹر فائلر پر ووٹر کے انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا، پھر انگوٹھے کے ناخن کے جوڑ پر ان مٹ سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر بیلٹ پیپر کی پشت پر دستخط کرے گا، دستخط لینے کے بعد ووٹر کو سبز رنگ اور سفید بیلیٹ پیپر جاری کیا جائے گا اور ووٹر ووٹنگ اسکرین کے پیچھے جا کر اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگائے گا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا سبز بیلٹ پیپر سبز ڈھکن والے جبکہ صوبائی اسمبلی کا سفید بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے باکس میں ڈالا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل 25 جولائی کو صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے ختم ہوگا، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کا دروازہ بند کر دیا جائے گا اور وقت ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔