میٹرک کے سالانہ امتحان میں کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طالبعلم طلال بن طارق نے 1087نمبر لیتے ہوئے راولپنڈی بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

طلباو طالبات کا امتحانی نتا ئج میں پوزیشنیں حاصل کرنا خوش آئند ہے ،جو طلباء و طالبات پوزیشن حاصل نہیں کر سکے وہ سخت محنت اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں،سردار تنویر الیاس

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے میٹرک کے 2018 کے سالانہ امتحانی نتائج کے مطابق کیڈٹ کالج حسن ابدال (اٹک) کے ہونہار طالب علم طلال بن طارق نے امتحان میں 1087نمبر حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر راولپنڈی بورڈ میں اول پوزیشن حاصل کی۔بحریہ فاونڈیشن سکینڈری سکول فار بوائز پنڈی روڈ چکوال کے عبد الحسیب ارشد نے 1081نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1چکوال کی طلبہ عدینہ عائشہ نے 1079نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

نگراں صوبائی وزیر زراعت منصوبہ بندی و ترقی پنجاب سردار تنویرالیاس نے کہا ہے کہ طلباو طالبات کا امتحانی نتا ئج میں پوزیشنیں حاصل کرنا خوش آئند ہے تاہم جو طلباء و طالبات پوزیشن حاصل نہیں کر سکے وہ سخت محنت اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں بھر پور ترقی کے لیے اساتذہ اور والدین کی مشترکہ کاوشوںسے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔

انہوں نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کی طرف یہ آپ کا پہلا قدم ہے اور محنت کا سفر جاری رکھیں تاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں تعریفی اسناد ،میڈلز اور لیپ ٹاپ دینے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ سکینڈری ایجوکیشن و کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) سیف انجم ،سیکرٹری راولپنڈی بورڈ ڈاکٹر تنویر ظفر ،کنٹرولر امتحانات عابد حسین کھرل، ممبر ان بورڈ ،تعلیمی اداروں کے سربراہان،اساتذہ ،پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔نگراں صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ دور جدید میں بہت سے نئی فیلڈ موجود ہیں طلباء و طالبات کوسوشل سائنس کی طرف جانا چاہیں جن کا اس وقت زیادہ سکوپ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں پوٹھوہار یونیورسٹی کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیاوں پر کام کرنا ہوگا اور نگراں سیٹ اپ کے بعد بھی پانی کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر امتیازی پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا ء و طالبات میں 30.30ہزار روپے ذاتی طور پر دینے کا اعلان بھی کیا ۔

اس موقع پر چیئر مین بورڈ آف انٹر میڈیٹ سکینڈری ایجوکیشن و کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) سیف انجم نے کہا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارک باد کے مستحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسی نوجوان نسل سے ملک پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے اگر ہمیں ترقی کی منازل طے کرنی ہے تو ہمیں آنے والی نسلوں کو تعلیم دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بہتر بنانے کے لیے نوجوان نسل کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ملک و قوم کا نام روشن ہوسکے۔تقریب کے آخر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 2018میں پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ طالبات میں تعریفی اسناد ،میڈلز اور لیپ ٹاپ دئے گئے۔