نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی کوئٹہ میں سروان ہائوس آمد،سراج رئیسانی کی شہادت پر غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت

ڈاکٹر حسن عسکری کی سراج رئیسانی شہید کے بھائی لشکری رئیسانی، بیٹے جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات سراج رئیسانی شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا ، سانحہ مستونگ کی شدید مذمت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے،امن دشمنوں کے خلاف ہم سب متحد ہیں‘نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:29

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی کوئٹہ میں سروان ہائوس آمد،سراج رئیسانی کی ..
کوئٹہ /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کی تعزیت کیلئے سروان ہائوس گئے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کے بھائی نوابزادہ لشکری رئیسانی، بیٹے جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لشکری رئیسانی، جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور سراج رئیسانی شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔نگران وزیراعلی پنجاب نے سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر مستونگ میں پیش آنے والے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی اور غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی شہید پاکستان کی دھرتی کا بہادر بیٹا تھا اور ہم سراج رئیسانی شہید کی بہادری اور جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔سراج رئیسانی شہید نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور سرفروشی کی داستان رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی پاکستان کی محبت سے سرشار تھے اور قوم کو نوابزادہ سراج رئیسانی جیسے سچے محب وطن پاکستانی پر فخر ہے۔نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت سے ملک ایک سچے پاکستانی اور کھرے سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی کی پاکستان کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ سانحہ مستونگ دہشت گردی کے واقعات میں ایک بڑا سانحہ ہے۔

غم کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور عوام بلوچستان کے عوام اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیںاور ہماری تمام تر ہمدردیاںشہداء کے لواحقین اور زخمی افراد کے ساتھ ہیں اور آج میں اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ آیا ہوں کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے اور اس میں ہم سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور اس طرح کے بزدلانہ دھماکے کرا کر دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اتحاد کی قوت سے امن دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیںاور پنجاب حکومت غم کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے پہلے بھی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اب بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر دنیا میں تاریخ رقم کی ہے اور ان عظیم قربانیوں کی بدولت ملک جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی- نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری بھی اس موقع پر موجودتھے جبکہ نگران صوبائی وزیر ضیاء حیدر رضوی، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔