وفاقی وزیرروشن خورشید بروچہ 2روزہ دورہ پر مظفرآباد پہنچ گئیں

عالمی برادری بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لے اورہندوستان مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جاری ظلم وبربریت بند کر ے،روشن خورشید بروچہ

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:29

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) وفاقی وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان روشن خورشید بروچہ 2روزہ دورہ پر مظفرآباد پہنچ گئیں ۔چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں وحید الدین نے وفاقی وزیر امور کشمیر کا چیف سیکرٹری آفس مظفرآباد آمد پر استقبا ل کیا۔بعدازاں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان محترمہ روشن خورشید بروچہ کو سیکرٹری آزادجموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اورمقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں وحید الدین نے وفاقی وزیرامور کشمیر کو آزادکشمیر کا دورہ کر نے پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لے اورہندوستان مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جاری ظلم وبربریت بند کر ے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اورمسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم وستم کی طرف دلانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے ظلم وستم وبربریت کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ بعد ازاں سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے وفاقی وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان کو مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اورسلائیڈز کے ذریعے بھارتی مظالم کی عملی تصاویر سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے پیلٹ متاثرین کے حوالہ سے خصوصی ڈاکو منٹری بھی دکھائی ۔انہوں نے بتایا کہ جب تک کشمیریوںکو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں ملتا اس وقت تک جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان بھرپور طریقے سے کشمیریوں کی وکالت کر رہا ہے ،دنیا بھر میںپاکستان کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو سلب کر رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوںنے بتایا کہ انسانی حقوق کے عالمی چارٹر اور بین الاقوامی قوانین میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کا حق دے رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں رہا ہے اور تقسیم برصغیر کے اصولوں کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان کاحصہ ہونا تھا مگر ہندوستان نے اس پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور اس قبضہ کے خلاف کشمیری 1947ء سے لے کر آج تک جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قومی تہوار پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہر کرتا ہے،پاکستان عوام کے بھی ہم بے حد مشکور ہیں کہ وہ ہر جگہ پر کشمیریوں کی آواز میں آواز ملارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کی مانیٹرنگ اور سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے زیر اہتمام ہر ماہ کشمیر ٹوڈے میگزین کی اجرائیگی کی جاتی ہے جس میں دانشوروں،آرٹیکلز اورکشمیر کے حوالہ سے تازہ معلومات رسالے کا حصہ ہوتی ہیں۔بریفنگ کے اختتام پر وفاقی وزیر امور کشمیر محترمہ روشن خورشید بروچہ کو چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں وحید الدین نے یادگاری شیلڈبھی دی۔