ڈپٹی کمشنر لاہور ،ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

سی سی ٹی وی کیمروں ، واک تھرو گیٹس، پولنگ اسٹیشن والی بلڈنگز، سکولز میں ٹیلی فون نمبرز کے حوالے سے جائزہ لیا گیا

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) انوارلحق اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر کی زیر صدارت الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔اجلاس میں تمام علاقوں کے ایس پی صاحبان، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میٹرو پولیٹن اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارلحق اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا کہ تمام محکمے الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل رابطہ رکھیں۔

اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمروں ، واک تھرو گیٹس، پولنگ اسٹیشن والی بلڈنگز، سکولز میں ٹیلی فون نمبرز کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ز اور ایس پی صاحبان نے اپنی حدود کے پولنگ اسٹیشن اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولنگ اسٹیشن کے ارد گرد صفائی ستھرائی رکھنے کی ہدایت کی اوراگر کسی پولنگ اسٹیشن کے پاس تعمیراتی میٹریل پڑا ہے تو اس کو فوری اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتوں کے امید واروں کی طرف سے پولنگ اسٹیشن کے پاس کیمپس کے فاصلے کو یقینی بنایا جائے اوربارش کے پیش نظر واسا کو ڈی واٹرنگ مشینوں کو فنگشنل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر واک تھروگیٹ لگائے جائیں گے اور36پوائنٹس پر ریسکیو 1122کی گاڑیوں کو الرٹ رکھا جائے گا۔ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارلحق اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا کہ تمام محکموں میں مکمل رابطہ ہو اور ملکر الیکشن کو پر امن منعقد کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔