سیاسی پارٹیاں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن ،انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں،ڈپٹی کمشنر صوابی

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر صوابی سلمان خان لودھی نے انتخابی اُمیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کے عہدیداروں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر اس کی روح کے مطابق عمل کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن ،انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔وہ اپنے دفتر میں انتخابی اُمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ڈی پی او صوابی اور پاک فوج کے بریگیڈ کمانڈر نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ الیکشن کمشن کے احکامات کے تحت پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے کر جانے کی سختی سے ممانعت ہوگی اور یہ حکم پورے ملک کے لیے ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوںنے اُمیدواروں سے کہا کہ اپنے ووٹروں اور پولنگ ایجنٹس کوآگاہ کریں کہ الیکشن ڈے پر اپنے ساتھ موبائل فونز کسی صورت ساتھ نہ لائیں ۔

اسی طرح انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت پولنگ سٹیشن کے ارد گرد 100 میٹر کے اندر انتخابی کیمپس بنانے پر بھی پابندی ہے لہٰذا اُمیدوار اس کا بھی خیال رکھیں ۔سلمان خان لودھی نے کہا کہ الیکشن کے احکامات کے مطابق انتخابی اُمیدواروں کو مناسب سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے ۔اُنہوں نے انتخابی اُمیدواروں اور پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ اپنے کارکنوں کو پابند کریں کہ انتخابی جیت یا دوسری صورت میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی وغیرہ سے اجتناب کریں بصورت دیگر قانون حرکت میں آئے گا اور کسی کے ساتھ رورعایت نہیں ہوگی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک فوج کے جوان الیکشن کمشن کی ہدایات کی روشنی میں انتخابات میں سیکورٹی ڈیوٹی اور متعلقہ حکام کی معاونت تک محدود رہے گی اور ان کا انتخابات کے ساتھ براہ راست کوئی تعلق و کردار نہیں ہوگا ۔