سری لنکا کی دوسرے ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم، جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 124 رنز پر ڈھیر،

6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام، دانن جایا کی 5 وکٹیں، آئی لینڈرز نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 151 رنز بنا کر مجموعی طور پر 365 رنز کی برتری حاصل کر لی، گوناتھلیکا اور کرونارتنے کی نصف سنچریاں، کیشو مہاراج کی 9 وکٹیں

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:57

سری لنکا کی دوسرے ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم، جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز ..
کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) سری لنکا کی جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، جنوبی افریقن ٹیم میزبان سری لنکا کی پہلی اننگز 338 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 124 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پروٹیز بلے باز ایک مرتبہ پھر سری لنکن سپنرز کے جال میں پھنس گئے اور کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، اکیلا دانن جایا نے 5 اور دلروون پریرا نے 4 وکٹیں لیں، آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 151 رنز بنا کر مجموعی طور پر 365 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، گونا تھلیکا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، کرونارتنے 59 اور میتھیوز 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، قبل ازیں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 338 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، کیشو مہاراج نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم نے 277 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو دانن جایا 16 اور ہیراتھ 5 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا تاہم 338 کے سکور پر مہاراج نے ہیراتھ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی، ہیراتھ 35 رنز بنا کر چلتے بنے، دانن جایا 43 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کیشو مہاراج نے 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کگیسوربادا ایک وکٹ لے سکے، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 124 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سری لنکن سپنرز نے نپی تلی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی، کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ایڈن مرکرم 7، ڈین ایلگر بغیر کوئی رن بنائے، ڈی برائون 3، ہاشم آملہ 19، کپتان فاف ڈوپلیسی 48، ٹیمبا باووما 11، کوئنٹن ڈی کوک 32، کیشو مہاراج 2، ربادا ایک اور ڈیل سٹین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، دانن جایا نے 5، دلروون پریرا نے 4 اور ہیراتھ نے ایک وکٹ لی، سری لنکا نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 151 رنز بنا کر مجموعی طور پر 365 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، گونا تھلیکا اور کرونارتنے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، گونا تھلیکا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، دھنن جایا ڈی سلوا صفر اور کوسل مینڈس 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کرونارتنے 59 اور میتھیوز 12 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، مہاراج نے 2 وکٹیں لیں۔