مجلس عمل نے الیکشن سے قبل اہم راز کھول دیا، کتاب کے نشان کے پیچھے کیا راز ہے؟

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 جولائی 2018 18:58

مجلس عمل نے الیکشن سے قبل اہم راز کھول دیا، کتاب کے نشان کے پیچھے کیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پاکستان میں دینی جماعتوں کا سب سے بڑا اتحاد ہے ،اس اتحاد نے 2002کے الیکشن میں بڑی کامیابی حاصل کی تھی اور ایک صوبہ میں کرپشن سے پاک حکومت بھی کامیابی سے چلائی ۔2008میں میثاق جمہوریت کے تحت بائیکاٹ اور2013ء کے انتخابات میں مختلف وجوہات کی بناء پر غیر فعال رہا۔2018ء کے انتخابات میں ملکی حالات کے پیش نظر دینی جماعتوں کا یہ اتحاد ایک بار پھر فعال ہوا ہے اور ان کا بنیادی نعرہ پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت ہے۔

متحدہ مجلس عمل کا انتخابی نشان کتاب ہے ۔کتاب کے اس نشان کومتحدہ مجلس عمل ملک بھر میں مختلف انداز سے پروموٹ کر رہی ہے ۔مجلس عمل کی جانب سے جاری کردہ 66سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی اس ضمن میں سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو پرلوگوں کا کہنا ہے کہ کتاب کے نشان کو قرآن مجید سے تشبیہہ دینا درست نہیں۔لوگ اسے دینی جذبات سے کھیلنے سے جوڑ رہے ہیں۔

اس حوالے سے متحدہ مجلس عمل کے میڈیا سیل کے مرکزی رہنما شمس الدین سے اردو پوائنٹ نے بات کی تو انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ مجلس عمل دینی جماعتوں کا اتحاد ہے جس میں تمام مسالک کے علماء کرام و سیاسی قائدین تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر امت مسلمہ کی ،اسلام اور پاکستان کی حفاظت اور اسلامی تشخص کی بحالی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے الکتاب کہہ کر پکارا ہے ۔متحدہ مجلس عمل میں شامل تمام جماعتوں کا متفقہ عقیدہ ہے کہ قرآن مجید صرف اور صرف تلاوت کرنے کی کتاب نہیں ہے ۔یہ کتاب عمل کے لیے نازل ہوئی ہے ۔بطور خلیفتہ اللہ فی الارض ، خالق کائنات کی جانب سے اس کتاب کے نظام کو قائم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ۔ اس کتاب میں ہمارے لیے کامیاب سیاست، معیشت، معاشرت، خارجہ پالیسی، داخلہ پالیسی سمیت تمام اصول قوائدبیان کیے گئے ہیں ۔

تاریخ گواہ ہے کہ جب اس زمین پر اللہ کی کتاب نافذ ہوئی تو آسمان و زمین سے رزق ،امن اور خوشحالی کے دروازے کھلے ۔یہ منظر بھی تاریخ میں رقم ہے کہ اس کتاب کے نظام کی برکت سے لوگ ٹوکروں میں زکوۃ لیے پھرتے اور خوشحالی کا عالم یہ ہوتا کہ کوئی ضرورت مند لینے والا نہ ہوتا۔ اس لیے متحدہ مجلس عمل نے اس علامتی نشان کو اپنے نظریات ، فکرسے ہم آہنگ اور اپنے منشور ،پالیسی کو سمجھانے کے لیے عوام الناس میں ابلاغ کیا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن مجید کے نظام کونافذ کرنے میں ہے۔

یہ بات آئین پاکستان میں موجود قرارداد مقاصد سے بھی ہم آہنگ ہے ۔ اس نظام کو لانے اور چلانے کے اہل وہی لوگ ہو سکتے ہیں جو کتاب اللہ کے علم سے بھی واقف ہوں۔ جن کی زندگیاں کرپشن، لوٹ مار ،بدعنوانی سے پاک ہوں ۔جو خوف خدا رکھنے والے، مطلوبہ علم و صلاحیت کے ساتھ ہر لحاظ سے صادق و امین کے زمرے میں آنے والے افراد ہوں۔متحدہ مجلس عمل کے تمام اُمیدواران مطلوبہ صفات و صلاحیت پر پورے اترتے ہیں۔کتاب کا نشان ،الیکشن کے لیے علامتی ہو سکتا ہے لیکن متحدہ مجلس عمل کے لیے اس کے پیچھے صرف قرآن مجید کا نظام غالب کرنا مقصود ہے ۔