مخالفین کو(ن) لیگ کی عوامی مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی،بیرسٹر دانیال چودھری

سیاسی مداریوں کا دور اب اپنے اختتام کو پہنچ چکا،(ن) لیگ ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ،کارنرمیٹنگ سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:09

مخالفین کو(ن) لیگ کی عوامی مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی،بیرسٹر دانیال چودھری
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے حلقہ این ای62 سے قومی اسمبلی کے امیدواربیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی عوامی مقبولیت مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا ایجنڈا صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے،جبکہ ہماری جماعت وطن عزیز کو خوشحال اور باوقار بنانے کا عزم لے کر میدان میں آئی ہے،جمہوریت کی بقاء میں ہی ملکی سلامتی کا راز مضمر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران یونین کونسل37،چونگی نمبر4میںمنعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کی جنگ میں ہماری جماعت کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،(ن) لیگ ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔

(جاری ہے)

محب وطن عوام کا ایک سمندر ہمارے ساتھ روں دواں ہے ، عوام 25جولائی 2018ء کو ’’شیر‘‘ پر مہر لگا کر(ن) لیگ کی کامیابی کی ایک نئی تاریخ مرتب کریں گے،سیاسی مداریوں کا دور اب اپنے اختتام کو پہنچ چکا ۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ عوام سے ووٹ مانگنے والے تبدیلی کے نام پر سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ۔ووٹروں کا چاہئے کہ 25جولائی 2018 ء کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بہترین، باصلاحیت اور باکردار نمائندوں کا انتخاب کریں۔تاکہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہو سکے اور سازشی عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں ۔