پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرے گی، سینیٹر شیری رحمن کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:39

پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کے علاقوں میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہت کام کیے ہیں ، امید ہے کہ لوگ اسی کارکردگی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے ملک میں مزاحمتی سیاست کو متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صوبوں کو نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے علاوہ اٹھارہویں ترمیم بھی متعارف کرائی۔ سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں اپنی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے نفرت اور احتجاج کی سیاست ختم ہو نی چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتہاپسندی، غیر مہذب زبان اور الزامات کی سیاست بھی دہشت گردی کی ایک وجہ ہے۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے مل بیٹھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرے۔