عوام کی جوق درجوق بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اسکی مقبولیت کا ثبوت ہے،

قوم پرست اور مذہبی جماعتیں صوبے کیلئے کچھ نہ کرسکیں بلکہ کرپشن کو فروغ دیا ،26جولائی کا سورج پارٹی کی کامیابی لیکر طلوع ہوگا، بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری منظوراحمد کاکڑ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:39

کوئٹہ ۔21جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری منظوراحمدکاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کی جوق درجوق پارٹی میں شمولیت اسکی مقبولیت کا ثبوت ہے 50سال تک اقتدارمیں رہ کر کرپشن کرنے والے پارٹی کی مقبولیت سے گھبرا گئے ہیں ، 25جولائی کو عوام پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے 26جولائی کا سورج پارٹی کی کامیابی لیکر طلوع ہوگا۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں الکوزئی قومی اتحاد کے چیئرمین و پی بی 27سے امیدوار سید محمد خان الکوزئی کی پارٹی کے امیدار حاجی ولی محمد نورزئی کے حق میں دستبردار ہونے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پربی اے پی کے قومی اسمبلی کے امیدوار حاجی نصیب اللہ اچکزئی ،حلقہ پی بی 27سے امیدوار حاجی ولی محمد نورزئی، عیتق الرحمن کاکڑ الکوزئی اتحاد کے فضل الرحمن الکوزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

منظوراحمد کاکڑ نے الکوزئی قومی اتحاد کے چیئرمین سید محمدخان الکوزئی کا پارٹی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صوبے کی ترقی کیلئے انتہائی موثر منصوبے بنائے ہیں ہماری خواہش ہے کہ صوبے اور عوام کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں اوراس کیلئے ہرقسم کے تعصبات سے بالاتر ہوکر حقوق کا حصول اور صوبے کی ترقی ہمارا مقصد ہے ہماری جماعت میں تمام اقوام کی نمائندگی ہے اورصوبے میں آباد تمام اقوام سے تعلق رکھنے والے نہ صرف جماعت میں شامل ہیں بلکہ تیزی سے شامل ہورہے ہیں جس سے صرف چند ماہ میں ہماری پارٹی فعال ہوئی ہے پچاس سال تک جو سیاسی جماعتیں اقتدار میں رہیں وہ عوام کو حقوق نہ دے سکیں قوم پرست اور مذہبی جماعتیں صوبے کیلئے کچھ نہ کرسکیں بلکہ کرپشن کو فروغ دیا ہماری جماعت کی قیادت جام کمال خان کر رہے ہیں جو ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کا وژن رکھنے والے رہنما ہیںہماری جماعت کا منشور عوام کے سامنے آچکا ہے جسمیں تمام شعبہ جات کو اہمیت دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت پراسٹیبلشمنٹ کی پارٹی ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے جبکہ ہماری جماعت عوام کی جماعت ہے جس میں عوام تیزی سے شامل ہورہے ہیں ، ہم ملک کو درپیش ہرچیلنج کامقابلہ کریں گے اوراندرونی و بیرونی دشمنوں کو ناکام بنائیں گے۔