الیکشن کمیشن پنجاب نے جیلوں میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا

ہفتہ 21 جولائی 2018 21:13

الیکشن کمیشن پنجاب نے جیلوں میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن پنجاب نے پنجاب بھر کی جیلوں میں قید افراد کو حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقعہ فراہم کرنے کے لئے جیلوں میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا ہے، بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے ہر جیل میں مطلوبہ تعداد کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپر لفافوں میں سربمہر کر کے جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو بھجوا دیئے ہیں اور انہیں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ وصول کردہ پوسٹل بیلٹ پیپر 25 جولائی تک واپس آر اوز کو بھجوا دیں تاکہ ووٹوں کی گنتی میں انہیں پوسٹل بیلٹ پیپروں کو شامل کیا جائے گا جو 25 جولائی تک آر اوز کو وصول ہو جائیں گے۔