Live Updates

وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کی جانب سے حلقہ این اے 237 اور پی ایس 89 مشترکہ نامزد میدواروں کا انتخابی جلسہ

دو دو اور تین تین باریاں لینے والوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین کر اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کئے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا ہے کہ پچیس جولائی کو ملک دشمنوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال جائیگا۔ دو دو اور تین تین باریاں لینے والوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین کر اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کئے۔پچیس جولائی ان کے احتساب کا دن ہوگا-علامہ راجہ ناصر عباس نے 25 جولائی کو کرپٹ اور امریکہ نواز ٹولے کیخلاف فیصلہ کن دن قرار دیا۔

ملیر جعفر طیار میں مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کی جانب سے حلقہ این اے 237 اور پی ایس 89 مشترکہ امیدواروں کے انتخابی جلسہ سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھاکہ ان کا پی ٹی آئی سے اتحاد ملک دشمنوں کے خلاف ہے۔پی ٹی آئی امریکا اور ملک دشمنوں سے نمٹنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے ملک دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کئے اور قومی دولت پر ڈاکہ مارا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لسانیت اور مذہبیت سے نکل کر ایک قوم بننا ہوگا۔جلسہ سے خطاب میںاین اے دو سو سینتیس سے ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار کیپٹن (ر)جمیل خان نے پچیس جولائی کو ظلم کے نظام سے بغاوت کا دن قرار دیا ان کا کہنا تھاکہ ظالم حکمرانوں کے کتوں کیلئے اے سی لگے ہیں جبکہ غریب سے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے۔کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ایم ڈبلیو ایم و تحریک انصاف کی قیادت کا نظریہ ایک ہی ہے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ نظام کو تبدیل کر دیں انشاء اللہ 25 جولائی جیت بلہ کی ہوگی۔

اپنے خطاب میں پی ایس نواسی پر مشترکہ امیدوار علی حسین نقوی نے دعویٰ کیا کہ پی ایس 89 کی نشست ہی نہیں عوام کے دل بھی جیت رہے ہیں۔پچیس جولائی کو انصاف کا سورج طلوع اور ظلمتوں کا خاتمہ ہوگا۔قائد و اقبال کے پاکستان کو لوٹنے والوں کو ملکی عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ایم ڈبلیوایم کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 254 علامہ محمد علی عابدی نے خطاب میں کہا کہ وحدت مسلمین نے ہمیشہ اتحاد و حدت کی بات کی ملکی عوام اپنے دشمن سے آگاہ ہیں ملک لوٹنے والوں اور عوام کو زنگ و نسل اورمذہب کے نام پر تقسیم کرنے والوں کی اس ملک میں اب کوئی گنجائش نہیں۔

انتخابی جلسہ میں پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنما خان محمد بلوچ نے مجلس وحدت مسلمین اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امید واروں کی حمایت کا اعلان کیا۔جبکہ جلسہ میں ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ صادق جعفری،علامہ نشان حیدر،علامہ۔مبشر حسن،میر تقی ظفر,پی ٹی آئی کے رہنما بلال نیازی, خطاب شاہ, شہباز بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات