Live Updates

کل کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، ڈاکٹرعارف علوی

0 سے زائد نشستیں حاصل کرینگے اور آئندہ وزیراعظم عمران خان ہوں گے، باغ جناح میں پریس کانفرنس

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:25

کل کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، ڈاکٹرعارف علوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ کل کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ۔یہ جلسہ الیکشن 2018 کی انتخابی مہم کا آخری اور تاریخی جلسہ ہوگا۔ہم 100 سے زائد نشستیں حاصل کرینگے اور آئندہ وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو باغ جناح میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے جلسے کی تیاریوں کے متعلق بتایا کہ جلسہ کی تیاریوں اسٹیج اور پنڈال کو اس طرح سے تیار کیا جائیگا کہ عمران خان اپنے لوگوں سے دور نہ رہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جلسے میںکراچی کے مسائل کا حل پیش کرینگے اور یہی الیکشن ہوگا جو عمران خان کو وزیراعظم بنائے گا،کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا آج شہر بھر سے لوگ ریلیوں کی شکل میں باغ جناح پہنچیں گے اور جشن منایا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کراچی میں بھر پور الیکشن مہم چلائی ہے کراچی کے عوام بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔25 جولائی کو پی ٹی آئی کراچی میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کامیاب ہونے کے بعد ہماری پلی ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہوگا اور پی ٹی آئی کراچی پیکج کے تحت شہر قائد کے مسائل حل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اشرافیہ اور غریبوں کا پاکستان اِس وقت الگ الگ ہے۔

ہم اسے دو نہیں، ایک پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔ اگر عمران خان کوئی وعدہ کریں تواسے پورا کرکے چھوڑتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر تعمیر کریں گے اور یہ وعدہ بھی پورا ہوگا۔ ملین ٹری سونامی اور شوکت خانم ہسپتال عمران خان کی کمٹمنٹ سے پورے ہوئے۔ لوگ کہتے تھے کہ ایسا نہیں ہوگا، لیکن خدا کی مدد سے ہو کر رہتا ہے۔

لوگ پانی کو ترس رہے ہیں، شہر کوڑے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ سیوریج سمندر میں ڈالا جا رہا ہے۔ میں وارننگ دے رہا ہوں کہ اس بار غلط ووٹ دیا تو اگلی بار لوگ ہوا کو بھی ترسیں گے۔ فضا میں آلودگی اتنی بڑھ گئی ہے کہ سانس لینا محال ہو تا جا رہا ہے۔ آپ آئیں، تاریخ کا حصہ بنیں اور براہِ راست عمران خان کی بات سنیں۔ عمران خان کی یہ آخری تقریر، آخری جلسہ اور آخری وعدے ہیں۔

یہاں سیکورٹی کا پورا انتظام ہے، مخصوص سیکورٹی ہوگی۔مائوں اور بہنوں کے لیے سیکورٹی بہت اچھی ہے۔ حلقہ این اے 254کے نامزد امیدوار و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسلم خان نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیملیوں کی جلسے میں شرکت کے لیے سیکورٹی کا بھرپور انتظام کیا ہے۔ ہماری طرف سے پانی کا انتظام سب جگہ کیا گیا ہے۔ اس کے کوئی پیسے نہیں لیے جائیں گے۔

جو جتنا چاہے پانی پی سکتا ہے کیونکہ چھ بجے سے رات دس گیارہ بجے تک کا پروگرام ہے۔ میڈیا کنٹینر کی چوڑائی اسی فٹ بائی سولہ فٹ ہے۔ گاڑی آپ نے کیسے اور کہاں لگانی ہے، یہ سب انتظامات کیے گئے ہیں۔ میڈیا کے لیے پارکنگ کا خاص انتظام ہے، آپ کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ میڈیا کے انتظامات پی ایس 106 کے امیدوار جمال صدیقی اور کراچی کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی دیکھیں گے۔

اس حوالے سے آپ کو بالکل فکر مند نہیں ہونا چاہئے۔ سروے جتنے بھی ہو رہے ہیں، ان کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ پاکستان میں بہت بڑی تبدیلی آچکی ہے اور لوگ پی ٹی آئی کے حق میں ہیں۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ سو سے کہیں زیادہ سیٹیں پی ٹی آئی کی ہوں گی۔ اگلا وزیر اعظم عمران خان ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات