Live Updates

25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے نواز شریف اور مریم کو باہر لائیں گے، شہباز شریف

عمران خان نے پشاور کا بیڑا غرق کردیا،پشاور میٹرو میں 40 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، اگر یقین نہیں تو پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ لیں،صدر(ن)لیگ کا جلسہ سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:40

25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے نواز شریف اور مریم کو باہر لائیں گے، شہباز ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو باہر لانا ہے،عمران خان نے پشاور کا بیڑا غرق کردیا،پشاور میٹرو میں 40 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، اگر یقین نہیں تو پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ لیں۔سرگودھا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف 13 جولائی کو بیٹی کے ساتھ بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر لندن سے پاکستان پہنچے، انہیں بیمار والدہ سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی گئی، دونوں باپ بیٹی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پورے پاکستان میں موٹرویز کے جال بچا دیے، اسے گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عظیم قوت بنایا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے خان، الزام خان اور بہتان خان روز ایک بات کرتا ہے اوریوٹرن لیتا ہے، جتنے پاکستان میں یو ٹرن کے نشان ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگائی جائے۔

شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے پشاور کا بیڑا غرق کردیا، پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا، پورا پشاور کھنڈر بن چکا ہے،پشاور میٹرو میں 40 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، جس نے 40 ارب روپیکا فراڈ کیا، کیا اس فراڈیے کو آپ ووٹ دیں گی شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے شہباز شریف بہت خطرناک آدمی ہے، عمران خان تمہیں بہت دیر بعد پتا چلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک لمحے کہے گا کالج بناکردوں گا، اگلے منٹ میں کہے گا نہیں بناکردوں گا، 25 جولائی کو شیر پر ٹھپا لگاکر عمران خان کی سیاست کو ٹھپ کردیں۔انہوں نے جلسے کے حاضرین سے استفسار کیا کہ کیا آپ پشاور کی طرح پنجاب کو برباد ہوتا دیکھ سکتے ہیں شہباز شریف نے کہا کہ سرگودھا میں جہاں بھی ہمارے نمائندوں سے کوتاہی ہوئی میں معذرت چاہتاہوں، حکومت ملی تو سرگودھا کو لاہور جیسا بنائوں گا۔

صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو شیر کو ووٹ دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھ پر کرپشن کے الزامات لگائے جارہے ہیں میں سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ مجھ پر ایک پیسہ کی کرپشن ثابت کردیں تو میرا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) عوام کی خدمت کی ہے اور آج اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں جارہے ہیں اور اگر عوام ہمیں پھر موقع دیا تو پاکستان کو ملائیشیاء جیسا بنا دوں گا ۔سرگودھا میں مزید کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کروں گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات