Live Updates

امپائر کی انگلی پر ناچنے والے کو میثاق جمہوریت کبھی سمجھ نہیں آئیگا‘

پیپلز پارٹی جو اپنے امیدواروں کااحترام نہیں کر سکتا وہ عوام کو حقوق اور عزت کہاں سے دلوائے گا‘ مصطفی نواز کھوکھر، مولا بخش چانڈیو

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:04

امپائر کی انگلی پر ناچنے والے کو میثاق جمہوریت کبھی سمجھ نہیں آئیگا‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی عمران خان ،بلاول بھٹو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار اوراپنے جلسوں میں خالی کرسیان دیکھ کر حواس باختہ ہو چکا ہے ۔ عمران خان کی تقریر پر اپنے رد عمل میں مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ امپائر کی انگلی پر ناچنے والے کو میثاق جمہوریت کبھی سمجھ نہیں آئے گا،ایک کٹھ پتلی کو کامیاب کرانے کے لئے انتخابی عمل کو گدلا کر دیا گیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دنیا بھر کا میڈیا اور جریدے چیخ رہے ہیں کہ پاکستان میں نئی آئی جے آئی بن چکی ہے۔عمران خان حوس اقتدار میں جمہوریت اور انتخابات تک قربان کرنے پر تلے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بیس سال سے کسی کے کندھوں پر چڑھ کر اقتدار میں آنے کی کوشش کرنے والے کو کیا پتا کہ جمہوریت کیا ہے۔جواب دینا تو ہمیں بھی آتا ہے مگر اپنے چیئرمن کی مثبت سیاست کے ہاتھوں مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے امیداور کو دھکا دیا لیکن اب وہ خود دھکے کھائے گا۔جو اپنے امیدواروں کااحترام نہیں کر سکتا وہ عوام کو حقوق اور عزت کہاں سے دلوائے گا۔پیپلز پارٹی کے ترجمان مولا بخش چانڈیو نے اپنے رد عمل میں کہا کہ عمران خان ہوش و حواس کھو چکے ہیںہم کیا گلا کریں یہ شخص تو اپنے امیدواروں کو تھپڑ مارتا پھر رہا ہے۔گالیاں اور دھکے دینے سے عمران خان کی ذہنی حالت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو اپنے امیدوار کی عزت کا خیال نہیں جس کیلئے ووٹ مانگنے گیا، جو اپنے امیدوار کو بے توقیر کرے یقین جانیں اس کی نظر ووٹوں پر نہیں انگلی پر ہے۔ انہوںنے کہا کہ میثاق جمہوریت سمجھنا عمران خان کی بس سے باہر ہے،کوئی بھی کٹھ پتلی اور انگلی کے اشارے پر ناچنے والا میثاق جمہوریت کی روح کو نہیں سمجھ سکتا۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان میں اتنی ذہنی صلاحیت ہی نہیں کہ وہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی سیاست پر بات کر سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات