حلقہ248کے عوام نے مسلم لیگ (ن)کے حق میں فیصلہ سنا دیاہے،سلمان خان

مسلم لیگ کا محمدی روڈ شیر شاہ پر شاندار جلسہ،مسلم لیگ اور اے این پی کے رہنمائوں کا خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ248 میں مسلم لیگ ن نے محمدی روڈ شیر شاہ پر اپنی انتخابی مہم کا ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جس سے مسلم لیگ اور اے این پی کے رہنمائوں اور امیدواروں نے خطاب کیا خطاب کرنے والوں میں اس حلقہ سے قومی اسمبلی کے امیدوارسلمان خان۔پی ایس114کے امیدوارسعیداللہ خان،چئیر مین یو سی آئی شیر آفریدی،سیکرٹری پی ایس ایف جہاں زیب خان۔

صوبائی سیکرٹری پی ایس ایف سلطان انصاری۔ مسلم لیگ ن کی عورتوں کے شعبے کی سربراہ محترمہ مہناز اختر شامل تھیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے حلقہ248سے قومی اسمبلی کے امیدوارسلمان خان نے کہا کہ اس پرجوش اور عظیم الشان عوامی سمندر کو دیکھ کر میں وثوق سے کہ سکتا ہوں کہ حلقہ248کے عوام نے شیر کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکا سے عہد لیا کہ25 تاریخ کو وہ گھروں میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ خود بھی شیر کے نشان کو ٹھپہ لگائیں گے اور اپنے اہل خانہ اور اہل محلہ کو بھی گھروں سے نکال کر اپنا حق رائے دہی استعمال کر نے کی ترغیب دیں گے۔

سلمان خان نے کہا کہ اس علاقے کے لوگوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اس علاقے کی تقدیر بدلیں گے اور ایسے نمائندے چنیں گے جو ان کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور نیت رکھتے ہوں۔۔