بلوچستا ن ہائی کورٹ نے عازمین حج کو کوئٹہ سے کراچی ،ملتان و دیگر اسٹیشنز پر بذریعہ ہوائی جہاز لیکر جانے کی سہولت مہیا کر نے کے حوالے سے پیر تک حکمت عملی تیار کر نے کے احکامات جاری کردئیے

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) بلوچستا ن ہائی کورٹ نے وزرات مذہبی امور اور شاہین ایئر لائن کو بلوچستان کے عازمین حج کو کوئٹہ سے کراچی ،ملتان و دیگر اسٹیشنز پر بذریعہ ہوائی جہاز لیکر جانے کی سہولت مہیا کر نے کے حوالے سے پیر تک حکمت عملی تیار کر نے کے احکامات جاری کردئیے، بلوچستان ہا ئی کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ظہیر الدین کاکڑ کر مشتمل بنچ نے کوئٹہ سے حج پروازوں کی بند ش کے کیس کی سماعت کی سماعت میں ڈائریکٹر حج بلوچستان، سول ایویشن ، پی آئی اے ، نجی ایئر لائن شاہین کے اسٹیشن مینیجر عدالت میں پیش ہوئے ،درخواست گزاروں کے وکیل نصیب اللہ ترین ایڈوکیٹ نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ 6 ماہ پہلے حاجیوں نے پیسے جمع کرائے تھے لیکن آج تک بلوچستان کے حاجیوں کی روانگی کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا،،سماعت کے دوران پی آئی کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ جہازوں کی تعداد کم ہونے کے باعث کوئٹہ کا روٹ ختم کیا گیا، بلوچستان کے حاجیوں کو ٹرانزٹ فلائٹس کے ذریعے لے جایا جائے گا، ڈائریکٹر حج آپریشنز بلوچستان نے موقف اختیار کیا کہ نجی ائیرلائن ڈیفالٹر ہونے کے باعث حج آپریشن کا حصہ نہیں ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ سیفٹی اسسمنٹ کے مطابق 127 ٹن وزنی جہاز کوئٹہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرسکتاہے جس کی وجہ سے کوئٹہ میں بڑے جہاز لینڈ نہیں کرسکتے جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ ہمیں آج ہی یہ مسئلہ حل کرکے دیں، تفصیلات جمع کرائیں کہ کون سے جہاز سعودیہ جاتے ہوئے کوئٹہ کے اسٹیشن پر اتر سکتے ہیں، انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ہمارا یہ قصور ہے کہ ہماری آبادی کم ہے،جس کے بعد عدالت نے پی آئی اے اور نجی ایئر لائنز کے اسٹیشن مینجرز کو طلب کیا اور سماعت میںسہ پہر تین بجے تک کے لئے وقفہ کیا ،سماعت دوبارہ شروع ہونے پر جسٹس جمال مندوخیل نے نجی ایئرلائن (شاہین )کے اسٹیشن مینجر سے استفسارکیا کہ کیا شاہین ایئر لائن بلوچستان کے حاجیوں کو کراچی ،ملتان یا دیگر اسٹیشنز تک پہنچاسکتی ہے،جس پر اسٹیشن مینیجر شاہین ایئرلائن نے عدالت کو بتایا کہ ہماری ایئرلائن حاجیوں کو دیگر اسٹیشنز تک پہنچانے کیلئے ٹرانزٹ سروس فراہم کرنے کیلئے دستیاب ہے، ڈائریکٹر حج بلوچستان نے فلائٹ شیڈیول عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی فلائٹ 25 جولائی کو روانہ کی جائے گی حاجیوں کو ایس ایم ایس اور لیٹر کے ذریعے فلائٹ کی معلومات فراہم کی جائیں گی، سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے احکامات دئیے کہ عازمین حج کو کوئٹہ سے کراچی، ملتان یا اسلام آباد ٹرانزٹ فلائٹ کے ذریعے لیکر جایا جائے اور اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور اور ڈائریکٹرحج آئند سماعت پراپنی رپورٹ جمع کروائیں اور کیس کی سماعت 23جولائی تک کے لئے ملتوی کردی۔