پشاور،فاٹا انضمام کے بعد پختون قوم ایک نئی قوت بن گئی ہے، آفتاب احمد خان شیر پائو

گزشتہ حکمرانوں نے جن وعدوں پر ووٹ حاصل کیا تھا وہ اسے پورا کرنے میں مکمل ناکام رہے ، قومی وطن پارٹی کا یہ فریضہ ہے کہ پختونوں کوایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان میں باہمی اتفاق و اتحاد پیدا کرے،چیئرمین قومی وطن پارٹی

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:16

پشاور،فاٹا انضمام کے بعد پختون قوم ایک نئی قوت بن گئی ہے، آفتاب احمد ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام آنے والے انتخابات میں اچھی قیادت کا انتخاب کرے تاکہ وہ اچھی حکمرانی اور امن وامان کے پائیدار قیام سمیت ملک و قوم کے مسائل پر توجہ دے۔انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد پختون قوم ایک نئی قوت بن گئی ہے اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے ان کی آوازمضبوط ہو چکی ہے اور قومی وطن پارٹی کا یہ فریضہ ہے کہ پختونوں کوایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان میں باہمی اتفاق و اتحاد پیدا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں حلقہPK-73کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کے امیدوار برائے PK-73فلک نیاز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ پختون قوم اور ضم شدہ قبائلی علاقہ جات کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے تحاشہ جانی و مالی قربانیاں دی لیکن افسوس کی بات ہے کہ مرکزی سطح پر ان کی قربانیوں کو نہیں سراہا گیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے روز اول سے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام پر زور دیا اور اس کیلئے بھرپور جدوجہد کی تاہم مرکزی سطح پرانضمام میں تاخیر کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے لیکن قومی وطن پارٹی ان مسائل پر قابو پانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انھوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں اسلامی برادر ممالک ہونے کے علاوہ پختون قوم کے ساتھ زبان،روایات اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج دونوں جانب دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں جس سے دونوں طرف آباد پختون متاثر ہو رہے ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی اور اسٹبلشمنٹ کی سطح پر بہتر روابط کی بحالی کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کو اعتماد میں لے کر امن کی بحالی اور دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ عوام کے پاس اس دفعہ غلطی کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ انھوں نے گزشتہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دیکھ لی ہے جس میں ملک و قوم کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں ملا ۔

انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ہر سطح اور ہر فورم پر ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کی ہے اور پارٹی کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے جن وعدوں پر ووٹ حاصل کیا تھا وہ اسے پورا کرنے میں مکمل ناکام رہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام ان سے متنفر ہو چکے ہیں اور ملک کو گونا گوں بحرانوں کا سامنا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی تمام طبقات کی نمائندہ جماعت ہے اور ان کی مشکلات کا خاتمہ اور بہبود ہماری اولین ترجیحات ہیں اور اس کاز کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔