کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں امن وامان کی بحالی ،دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ایم ڈبلیو ایم کی اولین ترجیح ہے،آغا محمد رضا

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں امن وامان کی بحالی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ایم ڈبلیو ایم کی اولین ترجیح ہے جبکہ بین الاقوامی استعماری طاقتوں کی غلامی سے آزاد اور عوامی امنگوں کے مطابق داخلہ وخارجہ پالیسی کی تشکیل کیلئے پارلیمنٹ سمیت دیگر فورمز پر آواز اٹھانا ہمارا مشن ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم حلقہ پی بی27سے صوبائی اسمبلی اور این اے 265 قومی اسمبلی کے امیدوار آغا رضا نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر مجھے حلقہ پی بی27سے ٹکٹ دیا جس کا مقصد علاقے میں فراہمی آب ہزارہ ٹائون اور علمدار روڈ سمیت بجلی کی لوڈشیڈنگ ناقص وولٹیج سے نجات اور طلباء وطالبات کیلئے سکولز کالج یونیورسٹیز اور ٹیکنیکل سینٹرز کا قیام یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری سابقہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے علاقے کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی قبائلی ومذہبی رواداری اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی اور خواتین کے حقوق اور انہیں معاشرے میں یکساں حقوق کی فراہمی کیلئے جدوجہد ہمارے منشور کا حصہ ہے آخر میں انہوں نے اہلیان علاقہ سے اپیل کی ہے کہ آج بروز اتوار شام چار بجے منعقد ہونے والے سید آباد برمہ علمدار روڈ کے جلسے میں بھرپورشرکت یقینی بنائیں۔