Live Updates

میرا مقابلہ نواز شریف کے پیچھے کھڑی انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ کے ساتھ ہے،عمران خان

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:25

میرا مقابلہ نواز شریف کے پیچھے کھڑی انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ کے ساتھ ہے،عمران ..
کرک/بنوں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل بڑے بڑے مگر مچھوں کا انتظار کر رہی ہے‘ میرا مقابلہ نواز شریف اور ان کے پیچھے کھڑی بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ سے ہے کیونکہ عمران خان کو روکنا انٹرنیشنل ایجنڈا ہے۔ کرک اور بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے دن رات جدوجہد کی، ہم ایک نیا نظام لے کر آئیں گے‘ ہماری حکومت میں سب سے پہلے احتساب میرا پھر ایم این ایز کا احتساب ہوگا۔

اقتدار میں آکر نیب کو مضبوط کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف، مریم نواز 300 ارب چوری کر کے مظلوم بنے ہوئے ہیں۔ اڈیالہ بڑے بڑے مگرمچھوں کا انتظار کر رہا ہے، سب اکٹھے ہوئے اور کہتے ہیں دھاندلی ہوگی، اس بار دھاندلی نہیں اس بار صفایا ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

آجکل شہبازشریف کی شکل پر خوف طاری ہے، لگتا ہے شہباز شریف کو رات کو بھی میں نظر آتا ہوں۔

شہبازشریف نے نوازشریف سے ہاتھ کیا ایسا دشمن بھی نہ کرتا۔ جو اپنے بھائی سے وفاداری نہ کرے پاکستان سے کیسے کرسکتا ہی نوازشریف نے کہا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے، نوازشریف میرا مقابلہ تم جیسے مافیا اور تمہارے پیچھے انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ سے ہے۔عمران خان نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کہتا ہے نیا سوشل کنٹریکٹ ہونا چاہیے، بلاول بیٹا دس سال پہلے میثاق جمہوریت کیا گیا تھا، میثاق جمہوریت کا پہلا تحفہ ڈالر 130 روپے ہے۔

بلاول کے باپ کے سارے پیسے باہر پڑے ہیں، یہ امیر اور قوم مقروض ہوگئی ہے۔ دس سال پہلے 6 ہزار اور آج 28 ہزار ارب قرضہ ہوچکا ہے۔ پچھلے ایک ہفتے میں ایک ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔کپتان نے کرک کے لوگوں سے درخواست کی کہ کسی آزاد امیدوار کو ووٹ نہیں دینا، آپ نے صرف میرے ٹائیگرز کو ووٹ دینا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو اللہ اس جماعت کو کامیاب کرے جو پاکستان کو بہتر کرے گی۔بنوں میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی حکومت نہیں بنا سکتی۔ جے یو آئی والے زرداری، نوازشریف کیساتھ مقناطیس کی طرح جڑ جاتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات