انتخابات کے دوران صوبے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے

،پولیس افسران و اہلکار سیاسی نظریات اور وابستگی سے مکمل طور پر بالا تر ہوکر غیر جانبداری کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیں، آئی جی پنجاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:25

انتخابات کے دوران صوبے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس ..
لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) انسپکٹرجنر ل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران صوبے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے لہذا تمام پولیس افسراناپنے فرائض دیانت داری اور غیر جانداری کے ساتھ ادا کریں انہوں نے مزید کہا کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں پولنگ ڈے کے سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے افرادکے خلاف فوری بلا امتیازمقدمات درج کئے جائیں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ پولیس افسران و اہلکار سیاسی نظریات اور وابستگی سے مکمل طور پر بالا تر ہوکر غیر جانبداری کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیں اور جھوٹے مقدمات کا اندراج کروانے والے مدعیوں کے خلاف بھی قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا انتخابی ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکار بھرپور محنت، فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ہر لمحہ ہائی الرٹ رکھیں اور صوبے کے تمام اضلاع میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچی آبادیوں ،لاری اڈوںاور حساس پولنگ اسٹیشنز کے گردو نواح میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں اور حساس پولنگ اسٹیشنز والے علاقوںمیں ڈولفن، پیرو او ر دیگرپٹرولنگ فورسز کے گشت کے دورانئے کو مزید بڑھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںمنعقدہ ہنگامی ویڈیو لنک کانفرنس میں سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو بذریعہ ویڈیو لنک ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس میں سینئر پولیس افسران نے آئی جی پنجا ب کو اپنے ریجنز اوراضلاع کے الیکشن سیکیورٹی پلان اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے بریفنگ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ روز کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیموں نے موثرکاروائیاں کرتے ہوئے 163خطرناک اشتہاری ملزمان کوگرفتار کیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جا ری ہیں ۔

آئی جی پنجا ب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے پر ووٹرز کو پر امن ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر بھرپور اقدامات کئے جائیں اورا نتخابی جلسوں ، ریلیوں اور کارنر میٹنگز کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر متعین افسران و اہلکارجذبہ حب الوطنی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کیلئے نہ صرف پولیس کمانڈوز کو تعینات کیا جائے بلکہ سی سی ٹی وی کیمروں سمیت دیگر جدید آلات سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کاروائی میں کوئی رعائیت نہ برتی جائے ،کرایہ داری اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی میں قطعی تاخیر نہ برتی جائے جبکہ وال چاکنگ، نفرت انگیز تقاریر اور مواد کی نشر و اشاعت پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کوہدایت کی کہ بین الاضلاعی اوربین الصوبائی چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے اور آمدو رفت کرنے والی تمام گاڑیوں اور مسافروںکی سرگرمیوں پر سخت نظر رکھی جائے ۔

انہوں نے تاکید کی کہسینئر پولیس افسران الیکشن ڈیوٹی پر متعین سٹاف کو موجودہ حالات کے تناظر میں ڈیوٹی کی اہمیت اور درپیش چیلنجز کے متعلق باقاعدگی سے بریفنگ دیںتاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن اوربھرپور جوش و جذبے کے ساتھ ادا کر سکیں ۔