آصف زر داری کو اشتہاری قرار دئیے جانے کی خبر جھوٹ، بدنیتی اور سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی ایک سازش ہے ،ْترجمان

ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نجف قلی مرزا وہ افسر ہیں جو آصف علی زرداری پر تشدد اور ان کی زبان کاٹے جانے میں ملوث ہیں ،ْ بیان

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:52

آصف زر داری کو اشتہاری قرار دئیے جانے کی خبر جھوٹ، بدنیتی اور سیاسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے چالان پیش کیے جانے اور آصف علی زرداری کو اشتہاری قرار دئیے جانے کی خبر جھوٹ، بدنیتی اور انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی ایک سازش ہے۔

عامر فدا پراچہ نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ ایف آئی اے کے ڈائیریکٹر جنرل بشیر میمن پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کے دشمن ہیں اور ان کا بھائی جی ڈی اے کی جانب سے سندھ میں انتخابات لڑ رہا ہے۔ بشیر میمن چاہتا ہے کہ وہ ان انتخابات پر اپنے عہدے کو استعمال کرتے ہوئے اثرانداز ہو اور اپنے بھائی کو فائدہ پہنچائے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی نے متعدد مرتبہ یہ مطالبہ کیا کہ بشیر میمن کو اس کے عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف منعقد ہو سکیں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نجف قلی مرزا وہ افسر ہیں جو آصف علی زرداری پر تشدد اور ان کی زبان کاٹے جانے میں ملوث ہیں۔ آصف علی زرداری نے نجف مرزا کے خلاف ایک مقدمہ بھی دائر کیا ہوا ہے۔ عامر فدا پراچہ نے مزید کہا کہ مذکورہ کیس کی اس رپورٹ میں جو سپریم کورٹ میں پیش کی گئی آصف علی زرداری کا نام ملزمان کی فہرست میں شامل نہیں۔

ٹی وی چینلوں پر چلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ آصف علی زرداری کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ یہ خبریں بدنیتی پر مبنی ہیں اور ان کا مقصد آصف علی زرداری کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانا ہے۔ عامر فدا پراچہ نے کہا کہ مذکورہ دو افسران آصف علی زردرای کو بدنام کرنے کی مہم پر گامزن ہیں لیکن وہ ناکام ہوں گے۔