حنیف عباسی کمرہ عدالت سے گرفتار

گرمی اور حبس کے باعث حنیف عباسی پسینے سے شرابور،طبیعت اچانک خراب ہو گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 21 جولائی 2018 23:48

حنیف عباسی کمرہ عدالت سے گرفتار
راولپنڈی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21جولائی 2018ء) :حنیف عباسی کمرہ عدالت سے گرفتار ہو گئے۔ گرمی اور حبس کے باعث حنیف عباسی پسینے سے شرابور،طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی کیخلاف ایفیڈرین کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔ رہنما ن لیگ حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی، جج محمد اکرم نے مجرم کو کمرہ عدالت سے فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، فیصلہ 11 گھنٹے کی تاخیر سے سنایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردارمحمد اکرم خان کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی کیخلاف ایفیڈرین کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پرحنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال نے عدالت کی ڈیڈلائن کے مطابق اپنے دلائل مکمل کیے۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے عدالت میں سیلز ریکارڈ اور بینک ٹرانزیکشن کاریکارڈ بھی پیش کیا۔

جس کے بعد جج سردار محمد اکرم نے ایفیڈرین کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ انسداد منشیات عدالت کے جج محمد اکرم نے 11 گھنٹے کی تاخیر کے بعد سنائے گئے فیصلے میں رہنما ن لیگ حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی۔ جج نے احاطہ عدالت میں موجود اے این ایف اہلکاروں کو حکم دیا کہ حنیف عباسی کو فوری گرفتار کر لیا جائے۔اس موقع پر یہ بھی خبر سامنے آ رہی تھی کہ گرفتاری کے وقت سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔

طبیعت خرابی کی وجہ کمرہ عدالت میں حبس اور گرمی بنی ۔تاہم انسداد منشیات فورس کے اہلکاروں نے حینف عباسی کو گرفتار کر کے بکتر بند گاڑی تک پہنچا دیا جس کے ذریعے انکو ممکنہ طور پر اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔اس فیصلے سے مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا پہنچا ہے۔حنیف عباسی این اے60 راولپنڈی سے ن لیگ کے امیدوار تھے جہاں انکا مقابلہ شیخ رشید سے تھا۔یاد رہے کہ حنیف عباسی نے 500کلو گرام ایفی ڈرین کا کوٹہ لیا تھا اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے یہ ایفی ڈرین منشیات فروشوں کے ہاتھوں بیچ دیا تھا۔