بیوی کو شوہر کے قتل کیس کی پیروی کرنے پر مخالفین نے فائرنگ کر کے قتل کردیا

اتوار 22 جولائی 2018 04:00

لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) نشتر کالونی کے علاقہ میں بیوی کو شوہر کے قتل کیس کی پیروی کرنے پر مخالفین نے فائرنگ کر کے قتل کردیا،پولیس نے لاش قبضے میںلے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادیا۔تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقہ خالد نگر کی رہائشی 40 سالہ نورین بی بی کے شوہراشرف علی کو چند روز قبل سلمان اور ارشاد عرف شادونے نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

مقتولہ اس مقدمے کی مدعیہ تھی اور ملزمان کی گرفتار ی کے لیے ہومیوسائیڈانچارج سے ملنے کے لیے تھانہ کاہنہ گئی ہوئی تھی واپسی پرملزمان نے جو کہ پہلے ہی سے گھات لگائے بیٹھے تھے نے نورین بی بی کے قریب آنے پر اس کو فائرنگ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا اور ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ۔زخمی کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کے دیور اصغر کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے ۔