Live Updates

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جلسے سے متعلق ڈاکٹر عارف علوی اور اسلم خان کی مزارِ قائد پر پریس کانفرنس

اتوار 22 جولائی 2018 04:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و حلقہ این اے 247 کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عارف علوی اور حلقہ این اے 254 کے نامزد امیدوار اسلم خان نے کہا ہے کہ (آج) اتوار کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے، 23 اور 24 تاریخ کو الیکشن کمیشن کے مطابق کوئی جلسہ نہیں ہو سکتا، اس لیے یہ آخری جلسہ ہو گا، عوام اپنی شرکت یقینی بنائیں۔

یہ بات انہوں نے مزارِ قائد پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جلسے کے انتظامات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حلقہ پی ایس 106 کے نامزد امیدوار جمال صدیقی اور پی ٹی آئی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار آکر عوام کو نوکریاں اور گھر تعمیر کر کے دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں، شہر کوڑے کا ڈھیر بن گیا ہے، ان مسائل کو صرف پی ٹی آئی کی قیادت کی حل کر سکتی ہے۔ حلقہ این اے 254 کے نامزد امیدوار و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسلم خان نے اس موقع پر کہا کہ مرد و خواتین کی جلسے میں شرکت کے لئے سیکورٹی، پانی اور پارکنگ کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ میڈیا کے انتظامات پی ایس 106 کے امیدوار جمال صدیقی اور کراچی کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی آچکی ہے اور لوگ پی ٹی آئی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات 2018ء میں پی ٹی آئی ضرور کامیاب ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات