رینجرز کی صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں، 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

اتوار 22 جولائی 2018 04:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان رینجرز (سندھ) نے صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کراچی میں گبول ٹائون کے علاقے میں رینجرز نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان عزیر عرف شیری، یاسر خان، محمد ابصار اور سجاد عرف سونا کو گرفتار کیا جو اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔

جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں رینجرز نے اندرون سندھ میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئی3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے اندرون سندھ لا ڑکانہ کے علاقے باقرانی میں انتہائی مطلوب ملزم اعجاز ابڑو اور اس کے دیگر ساتھیوں توتل ابڑو، محمد صدیق اور جنسار ابڑو کی موجودگی کی اطلاعات پر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔

(جاری ہے)

پولیس کی اطلاع ملتے ہی اعجاز ابڑو اپنے دیگر ساتھیوں سمیت فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا۔ مفرور ملزم اعجاز ابڑو قتل، لینڈ گریبنگ، پولیس کے ساتھ مقابلوں اور مجرموں کی سہولت کاری میں ملوث ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران مفرورملزمان کی جانب سے گھروں اور اوطاق میں چھپایا گیا اسلحہ 3 عدد ایس ایم جیز بمعہ 290 رائونڈز، ایک عدد .22 رائفل، 2 عدد 30 بور پستول بمعہ 5 عدد رائونڈز، 2 عدد 12 بور رپیٹر بمعہ 145 رائونڈز، ایک عدد 12 بور سنگل بیرل، ایک عدد 9mm UZI (USA made)، 65 عدد رائونڈ جی تھری برآمد کیا گیا۔

دوران آپریشن ملزم غلا م قادر ابڑو کو بھی گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے ایک عدد 12 بور رپیٹر بمعہ 55 راونڈز بھی برآمد کئے گئے۔رینجرز نے اندرون سندھ خیرپور کے علاقے گوٹھ داتا سائیں عرف پیر مشائخ نزد درازا رانی پورمیں انتہائی مطلوب ملزم امام ڈینو کی گرفتاری کے لئے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔ ملزم امام ڈینو مفرور ہونے کی وجہ گرفتار نہیں ہو سکا جبکہ اس کے ساتھی ملزم عرفان احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم کے قبضے سے اسلحہ ایک عدد رپیٹر بمعہ 32 کارتوس، 2 عدد شارٹ گن ڈبل بیرل، ایک عدد شارٹ گن سنگل بیرل برآمد کی گئی۔ رینجرز نے اندرون سندھ روہڑی کے علاقے سنگرار روڈ روہڑی ٹول پلازہ پر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم صدر الدین کھوسو کو گرفتار کیا۔ ملزم قتل اور اقدامِ قتل کی 3 ایف آئی آرز میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد ایس ایم جی، ایک عدد میگزین بمعہ 25 رائونڈز اور ایک عدد ٹیوٹا کار( نان کسٹم پیڈ، جعلی نمبر پلیٹ) بھی برآمد کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کو برآمد شدہ غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات سمیت قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔