ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لئے مسلسل جدوجہد کی ہے، عوام لالٹین پر مہر لگائیں،شاہی سید

اتوار 22 جولائی 2018 04:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور NA-250 کے امیدوار شاہی سید نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر اسلام آباد جانے کے خواب دیکھنے والوں کو مایوسی ہوگی، عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصبہ کالونی محمد پور میں دو مقامات پرانتخابی جلسوں ،قصبہ پیر آباد میں کارنر میٹنگ و انتخابی دفتر کا افتتاح اور پٹھان کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ اختیار، اقتدار اور وسائل نہ ہونے کے باوجود مسلسل سرگرم عمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے اس دور میں کراچی کے شہری پانی، بجلی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام ایسے نمائندے منتخب کریں جو ایوانوں میں آپ کے لیے آواز اٹھا سکیں، وقت آگیا ہے کہ بحیثیت قوم ہمیں پارلیمانی سیاست اور انتخابی عمل کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پسند اور جدت پسند قوتوں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔ شاہی سید نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ولی باغ کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں تاکہ ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہو سکے، عوام کو25 جولائی کو لالٹین کے نشان پر مہر لگانا ہو گی۔