پاکستان کپاس پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے ، کپاس کی مجموعی قومی پیداوار کا 72 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے

اتوار 22 جولائی 2018 11:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان کپاس پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جبکہ کپاس کی مجموعی قومی پیداوار کا 72 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے۔ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں کپاس کا حصہ 1.5 فیصد جبکہ معیاری زرعی مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے جی ڈی پی میں کپاس کا حصہ 7 فیصد ہے۔ زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے دوران پنجاب میں کپاس کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 20.48 من ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ میں کپاس پیدا کرنے والے اضلاع میں رین واٹر مینجمنٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سات اضلاع بہاولپور، بہاولنگر ، رحیم یار خان ، لودھراں ، وہاڑی ، خانیوال اور ملتان میں کپاس کے کھیتوں سے بارش کے پانی کے اخراج کیلئے 105 بارشی تالاب بنائے گئے ہیں تاکہ بارش کے پانی سے فصل کو پہنچنے والے نقصان سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹن مشن 2025 سے صوبہ پنجاب میں کپاس کی پیداوار 20 ملین گانٹھوں تک بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے کپاس کی درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور کپڑے کی صنعت کی ضروریات کی تکمیل میں بھی معاونت ہوگی۔