فلم ’’بھارت ‘‘دیشا پٹانی کیلئے مہنگی ثابت ہوئی‘زخمی ہونے پر ہسپتال داخل

فلم میں سلمان خان کے ہمراہ پریانکا چوپڑا مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، فلم’ ’بھارت‘‘ رواں سال عید الضحی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی

اتوار 22 جولائی 2018 11:40

فلم ’’بھارت ‘‘دیشا پٹانی کیلئے مہنگی ثابت ہوئی‘زخمی ہونے پر ہسپتال ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) معروف اداکارہ دیشا پٹانی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ سے قبل ہی تربیت کے دوران زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئیں۔فلم ’باغی‘ ٹو سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ دیشا پٹانی سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ خود کو کردار میں ڈھالنے کے لئے شوٹنگ سے قبل ہی تربیت لینا شروع کر دیتی ہیں تاکہ کردار کو بخوبی نبھایا جا سکے جب کہ اداکارہ آج کل اپنی نئی فلم ’بھارت‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے شوٹنگ سے قبل ٹریننگ شروع کردی ہے تاہم اس دوران خود کو زخمی کر بیٹھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دیشا پٹانی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیشا فلم ’بھارت‘ کو لیکر خاصی سنجیدہ ہیں جس کے لئے وہ دن رات بھرپور تربیت حاصل کررہی ہیں اور اسی تربیت کے دوران وہ گٹھنے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے بٴْری طرح زخمی ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ اداکارہ کو ڈاکٹروں کی جانب سے سخت جسمانی مشق سے اجتناب کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ زخم جلد ٹھیک ہوسکیں اور دیشا ایک ہفتے بعد شروع ہونے والی فلم کی شوٹنگ میں سلمان خان کے ساتھ بہتر طریقے سے کام کرسکیں۔

واضح رہے کہ علی عباس ظفر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’بھارت‘ سلمان خان کے ہمراہ پریانکا چوپڑا مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ سب سے بڑے بجٹ سے تیار ہونے والی فلم 2018 میں عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔