پانچواں ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ٹاس جیت لیا

قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں

اتوار 22 جولائی 2018 11:56

پانچواں ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ٹاس جیت لیا
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جولائی 2018 ء) پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستا ن نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور حسن علی ، محمد عامر اور محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ پاکستان اور زمبابوے کا ویسے بھی عالمی کرکٹ میں کوئی مقابلہ نہیں، مگر جس ٹیم کے ساتھ میزبان رواں سیریز کھیل رہے ہیں اس میں میزبان ملک کے کچھ تجربہ کار کھلاڑی معاوضوں کے حوالے سے بائیکاٹ اور انجریز کی وجہ سے دستیاب ہی نہیں تھے، لہذا یہ جنگ زبردستی میدان میں اتارے گئے پلیئرزکی مدد سے لڑی اور نتیجہ ہر بار بدترین شکست کی صورت میں برآمد ہوا۔

تیسرے میچ میں اگرپوری ٹیم کا67 رنز پر ڈھیر ہونا ناکافی تھا تو چوتھے میں فخرزمان کی ڈبل سنچری سے تقویت پا کرپاکستان نے 244 رنز س بڑی فتح ریکارڈ کرلی، اس سے میزبان کی بچی کچھی ہمت بھی ختم ہوگئی، بیٹسمین مزاحمت نہیں کر پا رہے، بولرز سے بولنگ نہیں ہورہی،فیلڈنگ بھی غیرمعیاری ہے،زمبابوے کی جانب سے جو بھی کیا جائے وہ غلط ہی ہوتا ہے، سلیکٹرزکے پاس ویسے ہی زیادہ آپشنز نہیں تھے مگر انھوں نے بنچ پر موجود کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارکر دیکھ لیا، تقریباً تمام ہی کمبی نیشن آزمائے جا چکے اور آخری کی آزمائش اب شاید پانچویں میچ میں ہوگی، مگر ان تبدیلیوں کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا البتہ اگر وہ نتیجے میں تبدیلی لانے میں کامیاب رہے تو پھر یہ اس سال کا سب سے بڑا اپ سیٹ شمار ہوگا۔

(جاری ہے)

گزشتہ میچ میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے فخر زمان کو ایک روزہ انٹرنیشنل فارمیٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز پانے کے لیے مزید صرف 20 رنز درکار ہیں، اگر وہ یہ اسکورکرلیں تو اس اعزاز تک 18 اننگز میں پہنچیں گے،فی الحال یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ، کوئنٹین ڈی کک اور بابر اعظم کے پاس ہے، ان سب نے 21، 21 اننگز میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔