مقبوضہ کشمیر:تحریک حریت کی نظربندحریت پسندوں کو طبی سہولت فراہم نہ کرنے کی شدید مذمت

اتوار 22 جولائی 2018 13:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموں وکشمیر نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند حریت پسندوںبشیر احمد صوفی اور عبدالرحمان تانترے کی بگڑتی ہوئی صحت پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کی طرف سے انہیںمناسب طبی سہولت فراہم نہ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ دونوں عمر رسیدہ افراد 2016ء میں گرفتار کئے گئے تھے اور ان پرگزشتہ دو سال میں کئی بارکالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کیا گیا۔

انہوں نے کہا عبدالرحمان تانترے پر نظربندی کے دوان فالج کا حملہ ہوا اور بشیر احمد صوفی دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ عدالت نے اُن پر لگائے گئے تمام الزامات کالعدم قرار دیکر اُن کی رہائی کا حکم دیاہے جس کے بعد اُنہیں رہا کیاگیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ دونوں مختلف عارضوں میں مبتلا تھے اوررہائی کے دوران دونوں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں زیرِ علاج رہے اور کسی تنظیمی یا سیاسی سرگرمی سے بالکل لاتعلق رہے لیکن 3ماہ کی رہائی کے بعد بارہ مولہ کی پولیس نے اُن کو تھانے پر بلا کر حبس بے جا میں رکھا اورایک بار پھر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا۔

ترجمان نے کہاکہ اب جیل میں ان کی صحت بہت حد تک بگڑچکی ہے لیکن جیل انتظامیہ کی طرف سے کوئی طبی امداد فراہم نہ کرنے کی وجہ سے لواحقین اُن کی زندگی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔ یاد رہے چنددن قبل بارہ مولہ سے تعلق رکھنے والے نور خان مناسب طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے نظربندی کے دوران شہید ہوگئے تھے۔