مقبوضہ کشمیر:مسرت عالم بٹ سرینگر کی عدالت میں پیشی کے بعد دوبارہ کو ٹ بھلوال جیل منتقل

مسرت عالم کی نظربندی کو طول دینے سے قابض حکمرانوں کی بوکھلاہٹ ظاہر ہورہی ہی: مسلم لیگ مقبوضہ کشمیر

اتوار 22 جولائی 2018 13:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ کو سرینگر کے نوہٹہ پولیس سٹیشن میں درج جھوٹے کیس کی سماعت کے لیے جموں سے سرینگر لایا گیا تھا جس کے بعد انہیں دوبارہ کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مسرت عالم بٹ کوایڈنشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج کے سامنے پیش کیا گیاجہاں انہوںنے بحث سنی۔

سماعت کے بعد مسرت عالم کو واپس جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسرت عالم کی نظربندی کو طول دینے سے قابض حکمرانوں کی بوکھلاہٹ ظاہر ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ کے چیئرمین کو جھوٹے او رمن گھڑت مقدمات میں پھنساکر جیل میں ڈال دیا گیا ہے جوانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قابض انتظامیہ عدالتی احکامات کا احترام کرنے کے بجائے تمام اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کرانہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ ترجمان نے ریڈکراس اورہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسرت عالم بٹ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ان کی غیرقانونی نظربندی کا نوٹس لیں۔