مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑمیں ایک شخص کو دوران حراست شہید کردیا

اتوار 22 جولائی 2018 13:10

جموں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑ کے علاقے چھاترو میں 40سالہ جاوید احمد ملک کو دوران حراست شہید کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈوڈہ کے علاقے بہارت سے تعلق رکھنے والے جاوید احمد ملک کو جمعہ کوچھاترو پولیس سٹیشن میں شہید کیاگیا۔ جاوید کے ایک رشتہ دار محمد عبداللہ بانڈے نے کشتواڑ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقتول عدالتی ہدایات کے تحت مویشیوں کی سمگلنگ کے کیس میںگرفتار اپنے کسی جاننے والے شخص کی درخواست ضمانت کے حوالے سے پولیس کی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے چھاترو کے پولیس سٹیشن پر گیا تھا۔

انہوںنے کہا رپورٹ دینے کے بجائے پولیس نے 5000روپے کی رشوت نہ دینے پر جاوید کوہی غیر قانونی طورپر نظربند کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ منت سماجت کے باوجود پولیس نے جاوید کو رہا نہیں کیااور انہیںجمعے کو جاوید کے حراستی قتل کا پتہ چلا۔ انہوںنے کہا کہ یہ سیدھا قتل کا کیس ہے اور ہم چھاترو کے ایس ایچ او ،منشی اور دیگر مجرموں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشتواڑ کا ایس پی من گھڑت کہانی سناکر مجرموں کی سرپرستی کرتا ہے جوسچ سے کوسوں دور ہے۔ کشتواڑجامع مسجد کے امام نے جاوید احمد ملک کے قتل کو بہیمانہ قراردیتے ہوئے مقتول کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ دریں اثناء جاوید احمد ملک کی حراستی شہادت کے خلاف تحصیل چھاترو میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے مقتول کی لاش کو چھاترو کے بس سٹینڈ پر رکھ کردوبچوں کے والد کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مشتعل مظاہرین نے کئی گھنٹے تک سڑک کو بند کردیا۔ مظاہرین پولیس اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔مظاہرین نے پولیس کے اس دعوے کو مستردکردیا کہ موصوف مویشیوں کی سمگلنگ میں ملوث تھا۔ انہوںنے کہاکہ پولیس غیر ضروری طورپر لوگوں کو ہراساں کررہی ہے۔