الیکشن کی شفافیت کوبرقرار رکھنے کے اقدامات کی کامیابی کیلئے میڈیا کاکردار بہت اہمیت کا حامل ہے، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

اتوار 22 جولائی 2018 13:30

فیصل آباد۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد و ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ۱ٓفیسربرائے جنرل الیکشن احمد فواد نے کہا ہے کہ الیکشن کی شفافیت کوبرقرار رکھنے کے اقدامات کی کامیابی کیلئے میڈیا کاکردار بہت اہمیت کا حامل ہے لہٰذا میڈیا پولنگ کے سلسلہ میں کسی خامی، کمزوری یا اصلاح سمیت انتظامات میں فوری بہتری کیلئے معاونت کرے جبکہ انتظامیہ صحافی برادری کی فلاح وبہبود اورترقی کیلئے بھرپورمعاونت کاسلسلہ جاری رکھے گی کیونکہ انتظامی وسماجی اصلاح کے سلسلے میں میڈیا کے اہم کردارکو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے یہ بات فیصل آباد پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں سابق صدر پریس کلب شاہد علی،صدر پریس کلب غلام عباس تنویر،نائب صدر سعید سومی،جنرل سیکرٹری ساجد علی خاں،فنانس سیکرٹری قاسم صدیقی ودیگر عہدیداران جمیل ملک،ندیم شاہ،محمد شاہد اور عاشق ندیم شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے پریس کلب کے عہدیداروں کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پرامن،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد میں انتظامی معاونت اولین ترجیح ہے جس کیلئے میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے انتخابی مہم میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کے سلسلے میں مانیٹرنگ افسران سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور خلاف ورزی کی رپورٹس پر امیدواروں کو شوکازنوٹسز جاری کرکے طلب کیا جاتا ہے اور اب تک بعض امیدواروں کو جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن کی شفافیت کوبرقرار رکھنے کے اقدامات کی کامیابی کیلئے میڈیا کاکردار بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی خامی یا کمزوری سے آگاہی میں مدد کی جائے۔انہوں نے پریس کلب کے دورہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برداری کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں گے۔پریس کلب کے وفد کے ارکان نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی پابندی کے بھرپوراقدامات پر ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا اور انتظامی امور کی کامیابی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔