25 جولائی کو عوام تبدیلی اور میرٹ کو ووٹ دیںگے ‘پیر مصور خان

اتوار 22 جولائی 2018 13:40

مالاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور حلقہ پی کے 19سے نامزد اُمیدوار حاجی پیر مصورخان غازی اور قومی اسمبلی این اے 8سے نامزد اُمیدوار و سابق ایم این اے جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ ہم نے جس تبدیلی اور میرٹ کے نام پر عوام سے ووٹ لیا تھا اُس پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کی ہے جس کی واضح مثال صوبے میں ہزاروں اساتذہ ، ڈاکٹر اور انجینئر ز کی بغیر سفارش کے بھرتیاں اور مساجد کے تیس ہزار سے زائد آئمہ کی ماہانہ تنخواہیں ہیں ، 25جولائی کو عوام تبدیلی اور میرٹ کو ووٹ دینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل مہردے شاہ پلازہ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حاجی پیر مصور خان اور جنید اکبر خان نے کہا کہ ہم پر گذشتہ دور حکومت میں ترقیاتی کام نہ کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے حالانکہ ہم نے گلی کوچوں ، نالیوں، ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبوں کے لئے عوام سے ووٹ نہیں لیا تھا ۔ ہم نے نہ ہی کبھی کمیشن خوری اور کرپشن کی کوشش کی ہے اور نہ ہی کبھی لٹیروں ، منشیات فروشوں کی حمایت و طرف داری کی ہے بلکہ ہمیشہ حق و سچائی کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں اور 25جولائی کوپی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دینگے ۔