امام الحق نے ون ڈے کرکٹ کی47سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا

اوپنر نے کیریئر کی چوتھی ون ڈے سنچری مکمل کی

اتوار 22 جولائی 2018 15:04

امام الحق نے ون ڈے کرکٹ کی47سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جولائی 2018 ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے ون ڈے کرکٹ کی47سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔ 22سالہ امام الحق نے زمبابوے کے خلاف آخری ون ڈے میں 97گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی جو ان کی رواں سیریز میں تیسری اور کیریئر میں چوتھی سنچری تھی ، امام الحق ون ڈے کرکٹ کی 47سالہ تاریخ کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے پہلے 9ون ڈے میچز میں 4سنچریاں سکور کی ہیں ، ان سے قبل کوئی بلے باز یہ اعزاز حاصل نہیں کرسکا تھا ۔

اس سے قبل کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر شاندار آغاز کیا اور آج کی اننگز میں 20 رنز بنانے کے ساتھ ہی وہ روزہ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

(جاری ہے)

فخر زمان نے یہ کارنامہ 18 میچز میں انجام دیا جب کہ اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے باز سر ویون رچرڈ کے پاس تھا، انہوں نے 21 میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کو پہلے ہی 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔وائٹ واش سے بچنے کے لیے میزبان ٹیم کو میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں قومی ٹیم کو رواں سال سیریز جیتنے سمیت کسی بھی ٹیم کو وائٹ واش کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوگا۔پاکستان اور زمبابوے کا ویسے بھی عالمی کرکٹ میں کوئی مقابلہ نہیں، مگر جس ٹیم کے ساتھ میزبان رواں سیریز کھیل رہے ہیں اس میں میزبان ملک کے کچھ تجربہ کار کھلاڑی معاوضوں کے حوالے سے بائیکاٹ اور انجریز کی وجہ سے دستیاب ہی نہیں تھے، لہذا یہ جنگ زبردستی میدان میں اتارے گئے پلیئرزکی مدد سے لڑی اور نتیجہ ہر بار بدترین شکست کی صورت میں برآمد ہوا۔