چیف سیکرٹری کا قائداعظم لائبریری ،چڑیا گھر کا دورہ، صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم

صحت ،تعلیم کی طرح سیرو تفریح کی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے، لائبریری کی تزین وآرائش کا کام جلد شروع کیا جائے سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کرنے والوں کیلئے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے، چڑیا گھر میں گرین بیلٹس میں اضافہ کیا جائے‘اکبر درانی

اتوار 22 جولائی 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے قائداعظم لائبریری اورچڑیا گھر میںصفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔چیف سیکرٹری نے لائبریری اور چڑیا گھر کا دورہ کیا اور لوگوں سے سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم لائبریری اورچڑیا گھر تاریخی حیثیت رکھتے ہیں، انکی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز کو حکم د یا کہ لائبریری کی مرمت اورتزین ا آرائش کیلئے لاگت کا تخمینہ تیار کر کے کام جلد شروع کیا جائے تاکہ عمارت کو اسکی اصل شکل میں بحال کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کثیر تعداد سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کیلئے اس لائبریری سے استفادہ کرتی ہے، انکی رہنمائی کیلئے آڈیٹوریم میںلیکچرز کا اہتمام کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائبریری کے اخبارات سیکشن کیلئے فرنیچر کی خریداری، نئے ائر کنڈیشنرز کی تنصیب اور کینٹین سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صحت وتعلیم کی طرح سیرو تفریح کی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف کو ہدایت کی کہ چڑیا گھر میں سیاحوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے بین الاقوامی معیار کی سہولتیں جیسے لائٹننگ ایفیکٹس، جدیدسائونڈ سسٹم ، رہنمائی کیلئے سائن بورڈز اور ایل ای ڈیز کی تنصیب کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں گرین بیلٹس کم ہیں، اسے سرسبز بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور گرین بیلٹس میں اضافہ کیلئے پارکس اینڈہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ ای) سے مدد لی جائے۔شجر کاری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، لوگوں کودرخت لگانے کے فوائد بارے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خالی آسامیوں کو پر کیا جائے اور ملازمین کو یونیفارم فراہم کی جائے۔لوگوں کیلئے بیٹھنے ، پینے کے پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈائریکٹر چڑیا گھرحسن علی سکھیرا نے بریفنگ میں بتایا کہ پانچ کروڑ روپے میں افریقہ سے خر یدا گیا ہاتھی ایک ماہ میں چڑیا گھر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کی12کروڑ روپے کی لاگت سے ڈائنو سارس پارک کے قیام پر کام جاری ہے ۔