جموںو کشمیر کے لوگ ہندوستان کی دھمکیوں سے کبھی بھی مرعوب نہیں ہونگے ،سر دار مسعود خان

کشمیر ی حق خودارادیت کے حصول کیلئے کی جانے والی انتھک جدوجہد کو پوری شد ومد کے ساتھ جاری وساری رکھیں گے،صدر آزادکشمیر

اتوار 22 جولائی 2018 15:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ جموںو کشمیر کے لوگ ہندوستان کی دھمکیوں سے کبھی بھی مرعوب نہیں ہونگے اور وہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کی جانے والی انتھک جدوجہد کو پوری شد ومد کے ساتھ جاری وساری رکھیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی وزیر امور کشمیر محترمہ روشن خورشید بروچہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

جنہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں صدر آزاد جموں وکشمیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر گرامی نے وفاقی وزیر کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہندوستانی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کی ایک نئی لہر برپا کر رکھی ہے اور وہ وہاں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معصوم نہتے /غیر مسلح کشمیریوں کو روزانہ کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ سیز فائر معاہدے کی ہندوستان مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ سے نہ صرف انسانی جانوں کانقصان کر رہا ہے بلکہ اس فائرنگ کی زد میں لوگوں کی جائیدادیں اور مال مویشی بھی محفوظ نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر سنگین خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو پہلے کی طرح بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری و ساری رکھے گی جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر کو بتایا کہ آزادکشمیر کی حکومت معیشت پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور وہ آزادکشمیر میں ترقیاتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے شب وروز کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ روڈ انفراسٹرکچر، ہائیڈرو پاور توانائی کی پیداوار ، فنی ترقی ، صنعت ، ٹورازم ، صحت عامہ اور زراعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر پاک چین اقتصادی راہداریCPEC) (کا حصہ ہے اور یہاں پر چار بڑے منصوبے اس پاک چین اقتصادی راہداری کے زیر اہتمام پایہ تکمیل کو پہنچیں گے جن میں میر پور میں صنعتی زون کا قیام، میر پور تا مانسہرہ ایکسپریس وے اور دو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس شامل ہیں۔ وفاقی وزیر امور کشمیر محترمہ روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ حکومت پاکستان پورے پاکستان کی تعمیر و ترقی کا کلی طور پر عزم لئے ہوئے ہے اور وہ اسی طرح آزادکشمیر حکومت کی بھی مدد جاری و ساری رکھے گی۔

بعد ازیں صدر آزاد جموں وکشمیر نے وزیر موصوفہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ وفاقی وزیر کے وفد میں ڈاکٹر بشریٰ شمس انچارجExpended Programme on Immunization AJK ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم ڈین سائنسز اینڈ انجینئرنگ یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر ، پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ کوثر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف باٹنی یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد ، مسز ساجدہ گیلانی پاکستان مسلم لیگ (ن) مظفرآباد ونگ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔