چکلالہ کینٹ کی جانب سے شہریوں میں مفت پودوں کی تقسیم

اتوار 22 جولائی 2018 16:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈنے مون سون شجر کاری مہم کے دوران 8000سے زائد پودے لگا دیئے ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر نوید نواز نے اے پی پی کو بتایاکہ چکلالہ کینٹ میں گذشتہ ہفتے مون سون شجر کاری کاآغاز کیا گیا تھا ۔مہم کے دوران چکلالہ کینٹ کی مختلف سڑکوں کے اطراف 5874پودے لگائے گئے ،سکولز و کالجز میں 600پودے جبکہ گیریژن میں بھی 600پودے لگائے گئے ۔

ایڈیشنل سی ای او نوید نواز نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران کینٹ کے رہائشیوں میں 1100پودے تقسیم بھی کیے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ماحول کو سر سبز و شاداب اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے درخت مسلمہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو خوشگوار بنا سکتے ہیں ۔واضح رہے کہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے منتخب ممبران سے مالی سال 2018-19کے لیے ترقیاتی ا سکیموں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں تاکہ یہ ترقیاتی ا سکیمیں مالی سال 2018-19 میں پایہ تکمیل تک پہنچائی جا سکیں ۔

نوید نواز نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ کینٹ بورڈ نئے مالی سال میں ہر وارڈ میں تقریباً 80لاکھ روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے گا ۔انہوںنے اے پی پی کو مزید بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ بہت جلد وارڈ 9اور 10میں ڈور ٹو ڈور کوڑا اکٹھا کرنے کا نظام شروع کرے گا ۔اس مقصد کے لیے چکلالہ کینٹ کی بورڈ میٹنگ میں کوڑا اکٹھاکرنے کے لیے 12نئے رکشے خریدنے کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ایڈیشنل سی ای او نے ایک سوال کے جواب میں اے پی پی کو بتایاکہ الیکشن کمیشن اور عدالت کے احکامات کی روشنی میں ان ترقیاتی سکیموں پرکام کی شروعات 25جولائی کے بعد کی جائے گی۔