شاہد خاقان عباسی و فواد چوہدری توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہو گی

اتوار 22 جولائی 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عبا سی اور پی ٹی آ ئی ترجمان فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت (کل )24جولائی کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں ہو گی ،عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عبا سی اور پی ٹی آ ئی ترجمان فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) کو جواب داخل کرانے کا حکم دے رکھا ہے ۔

گذشتہ بدھ کو کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شاہد محمود عبا سی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی ۔اس موقع پر پیمرا کی جانب سے وکالت نامہ پیش کرتے ہوئے پیمرا کے وکیل نے جواب کے لیے وقت طلب کیا جس پر عدالت نے سماعت 24جولائی تک ملتوی کردی تھی ۔

(جاری ہے)

اس موقع فاضل عدالت نے پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کے درخواست گذار کے وکیل اور پیمرا کو توہین عدالت پر مشتمل مبینہ مواد پیش کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

توہین عدا لت کی درخواستیں شہری ریاض انجم ، مسعود عبا سی ،خرم مسعود کیا نی اور حفظہ بخاری ایڈوکیٹس نے دائر کی تھیں ۔اپیلیٹ ٹریبونل کے جسٹس عبا دالرحمن لودھی کے فیصلوں کو شاہد خاقان عبا سی اور فواد چوہدری نے ہدف تنقید بنا یا تھا۔