جموںو کشمیر کے لوگ ہندوستان کی دھمکیوں سے کبھی بھی مرعوب نہیں ہوںگے ، کمشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لئے کی جانے والی انتھک جدوجہد کو پوری شد ومد کے ساتھ جاری وساری رکھیں گے،

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کی وفاقی وزیر امور کشمیر روشن خورشید بروچہ سے ملاقات

اتوار 22 جولائی 2018 16:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموںو کشمیر کے لوگ ہندوستان کی دھمکیوں سے کبھی بھی مرعوب نہیں ہوںگے اور وہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کی جانے والی انتھک جدوجہد کو پوری شد ومد کے ساتھ جاری وساری رکھیں گے۔اتوار کوانہوں نے وفاقی وزیر امور کشمیر روشن خورشید بروچہ سے ملاقات کی۔

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہندوستانی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کی ایک نئی لہر برپا کر رکھی ہے اور وہ وہاں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معصوم نہتے /غیر مسلح کشمیریوں کو روزانہ کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ سیز فائر معاہدے کی ہندوستان مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ سے نہ صرف انسانی جانوں کانقصان کر رہا ہے بلکہ اس فائرنگ کی زد میں لوگوں کی جائیدادیں اور مال مویشی بھی محفوظ نہیں ہیں۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر سنگین خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو پہلے کی طرح بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری و ساری رکھے گی جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر کو بتایا کہ آزادکشمیر کی حکومت معیشت پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور وہ آزادکشمیر میں ترقیاتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے شب وروز کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ روڈ انفراسٹرکچر، ہائیڈرو پاور توانائی کی پیداوار ، فنی ترقی ، صنعت ، ٹورازم ، صحت عامہ اور زراعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہے اور یہاں پر چار بڑے منصوبے اس پاک چین اقتصادی راہداری کے زیر اہتمام پایہ تکمیل کو پہنچیں گے جن میں میر پور میں صنعتی زون کا قیام، میر پور تا مانسہرہ ایکسپریس وے اور دو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس شامل ہیں۔وفاقی وزیر امور کشمیر روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ حکومت پاکستان پورے پاکستان کی تعمیر و ترقی کا کلی طور پر عزم لئے ہوئے ہے اور وہ اسی طرح آزادکشمیر حکومت کی بھی مدد جاری و ساری رکھے گی۔